کرناٹک کے ہاکی ٹورنامنٹ میں قائم ہوا عالمی ریکارڈ، راجیہ سبھا میں اجے ماکن نے وزیر کھیل کیا یہ مطالبہ
کانگریس کے رکن راجیہ سبھا اجے ماکن نے راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر کھیل سے کوڈاگو ضلع کے حوالہ سے سوال کرتے ہوئے تجویز دی کہ اس ضلع کے لیے مخصوص نوعیت کا تربیتی مرکز قائم کرنے کی ضرورت ہے
نئی دہلی: کیرالہ کے ضلع میں حال ہی میں ایک ہاکی ٹورنامنٹ میں عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ سابق وزیر کھیل اور کانگریس کے رکن راجیہ سبھا اجے ماکن نے راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر کھیل سے اس ضلع کے حوالہ سے سوال کرتے ہوئے تجویز دی کہ اس ضلع کے لیے مخصوص نوعیت کا تربیتی مرکز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
اجے ماکن نے راجیہ سبھا میں مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ رواں سال کرناٹک میں کوڈاوا ہاکی ٹورنامنٹ کے دوران گنیز بک آف ورلڈ قائم کیا گیا اور اس کارنامہ کو مرکزی حکومت کے تعاون کے بغیر انجام دیا گیا، جبکہ ریاستی حکومت نے اس کی مکمل حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اہم کھیلوں کے مقابلوں میں مرکزی حکومت کی شمولیت کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1997 میں صرف 60 ٹیموں کے ساتھ شروع ہونے والے کوڈاوا ہاکی ٹورنامنٹ میں اس سال 4834 کھلاڑیوں کے ساتھ 360 ٹیمیں شامل ہوئیں، جس سے یہ دنیا کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ بن گیا۔ کوڈاواس کی جائے پیدائش کوڈاگو ضلع کو ہندوستانی ہاکی کا گہوارہ کہا جاتا ہے۔ اس ضلع نے 50 کوڈاووں کو پروان چڑھایا ہے، جنہوں نے ہندوستانی ہاکی ٹیم کی نمائندگی کی ہے اور جن میں گووندا، ایم پی گنیش، سومیا جیسے 7 اولمپین بھی شامل تھے۔
اجے ماکن نے مزید کہا، ’’ایک سابق وزیر کھیل ہونے کے ناطہ میں ضلع کی کامیابیوں سے متاثر ہوں اور اس کی صلاحیت پر پراعتماد ہوں۔ ہمارے ملک میں ہاکی کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے، کیا مرکزی حکومت اس اہم مقام کے لیے سالانہ گرانٹ یا یک وقتی انفراسٹرکچر کی ترقی پر غور کر رہی ہے؟ اس نے متعدد اولمپین اور قومی کھلاڑی پیدا کیے ہیں اور اسے ہندوستانی ہاکی کا گہوارہ کہا جاتا ہے۔‘‘
دوسرا ضمنی سوال پوچھتے ہوئے اجے ماکن نے کہا، ’’وزیر کھیل کی حیثیت سے ضلع کنّور میں بالائی مقام پر تربیتی مرکز قائم کیا۔ ہماچل پردیش میں ایک اور بالائی مقام پر تربیتی مرکز موجود ہے۔ میری تجویز ہے کہ ضلع کوڈاگو کو بھی بالائی مقام پر چلنے والے تربیتی مرکز کے طور پر تیار کیا جانا چاہیے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’میں وزیر کھیل سے سوال کرتا ہوں کہ کیا وہ کوڈاگو میں اونچائی پر کھیلوں کا تربیتی مرکز قائم کرنے پر غور کریں گے؟ مجھے لگتا ہے کہ انہیں ایسا کرنا چاہئے۔ سوال کی شکل میں یہ میری ایک تجویز ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔