تریپورہ میں 2 بی جے پی اراکین اسمبلی کا استعفیٰ، کانگریس میں شمولیت کا امکان

سدیپ رائے برمن اور آشیش ساہا کے قریبی ذرائع نے کہا کہ وہ دہلی میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور دیگر سینئر لیڈروں سے مل سکتے ہیں اور پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، منی پور اور پنجاب میں اسمبلی انتخاب کی تاریخیں انتہائی قریب ہیں۔ اس سے قبل تریپورہ میں برسراقتدار بی جے پی کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ پیر کے روز بی جے پی کے دو اراکین اسمبلی سدیپ رائے برمن اور آشیش کمار ساہا نے اسمبلی رکنیت اور پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ خبر گرم ہے کہ دونوں کانگریس میں شامل ہو سکتے ہیں۔

پیر کی صبح تریپورہ کے سابق وزیر سدیپ رائے برمن اور آشیش کمار ساہا نے اسمبلی اسپیکر سے ملاقات کر اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ استعفیٰ کے بعد رائے برمن اور ساہا دونوں نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے اپنا استعفیٰ بی جے پی کے ریاستی صدر مانک ساہا کو بھی بھیج دیا ہے۔


سدیپ رائے برمن نے اسمبلی اسپیکر چکرورتی کو استعفیٰ سونپنے کے بعد اور دہلی روانہ ہونے سے پہلے میڈیا سے کہا کہ ’’ہم آج (پیر) دہلی جا رہے ہیں اور ہفتہ کو یہاں واپس آئیں گے، پھر ہم آپ کو اپنے مستقبل کے سیاسی قدم کے بارے میں تفصیل سے سب کچھ بتائیں گے۔‘‘

اس درمیان رائے برمن اور ساہا کے قریبی ذرائع نے کہا کہ وہ دہلی میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور دیگر سینئر لیڈروں سے ملاقات کر سکتے ہیں اور پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ رائے برمن اور ساہا تریپورہ کے وزیر اعلیٰ بپلب کمار دیب کے سخت ناقد رہے ہیں۔ دونوں 2017 میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔