ایم پی میں قتل کی کئی واردات انجام دے کر دہشت پھیلانے والا سیریل کلر بھوپال سے گرفتار
مدھیہ پردیش میں یکے بعد دیگرے واردات انجام دے کر دہشت پھیلانے والا سیریل کلر آخر کار راجداھنی بھوپال سے گرفتار کر لیا گیا ہے
بھوپال: مدھیہ پردیش میں یکے بعد دیگرے واردات انجام دے کر دہشت پھیلانے والا سیریل کلر آخر کار راجداھنی بھوپال سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ’اسٹون مین‘ کہلانے والے اس سیریل کلر نے ضلع ساگر میں دو دن میں تین قتل انجام دئے اور ہر واقعہ میں اس کا طریقہ کار یکساں تھا۔ سیریل کلر اپنے شکار کے سر پر ہتھوڑے، پتھر یا موٹے ڈنڈے سے وار کرتا تھا اور صرف رات میں سو رہے لوگوں کو ہی نشانہ بناتا تھا۔
ایم پی پولیس کے مطابق ملزم نے ساگر شہر میں 3 جبکہ بھوپال میں ایک شخص کو قتل کیا۔ ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہا ریاست کے ساگر شہر میں تین چوکیداروں کے قتل کے ملزم نے جمعرات-جمعہ کی درمیانی شب بھوپال میں ایک اور چوکیدار کا قتل کر دیا ہے۔ ملزم کو جمعہ کی صبح بھوپال میں موبائل فون کی لوکیشن کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔
مشرا نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا، ’’مدھیہ پردیش کے ساگر میں 'سیریل کلنگ' کے معاملے میں پولیس نے ملزم کو بھوپال سے گرفتار کیا ہے۔ بھوپال میں پکڑے جانے سے پہلے اس نے یہاں ایک اور چوکیدار کا قتل کیا تھا جس کا اس نے پولیس پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کیا ہے۔ یہ 'بلائنڈ مرڈر' تھا لیکن میں ساگر پولیس کو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ وہ اس کا پیچھا کرتے ہوئے بھوپال پہنچی تھی۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ ’’ملزم سیریل کلنگ کے دوسرے یا تیسرے شکار کا موبائل لے کر آیا تھا، جس کے بعد ساگر پولیس بھوپال آئی اور اسے بھوپال سے گرفتار کر لیا۔ وہ ساگر ضلع کے کیسلی تھانے علاقہ میں رہتا ہے اور آدھار کارڈ میں اس کا نام شیو پرساد درج ہے۔ ہم اس سے مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے اس سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔