مدھیہ پردیش کے ریوا میں اندوہناک حادثہ، مکان کی دیوار گر جانے سے 4 بچے جان بحق
ایم پی کے ریوا ضلع کے گڑھ قصبے میں تیز بارش کے بعد اسکول کے نزدیک ایک مکان کی دیوار گر جانے سے 4 بچے جان بحق اور 2 دیگر زخمی ہو گئے، جنہیں نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا
ریوا: مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع کے گڑھ قصبے میں آج دوپہر تیز بارش کے بعد اسکول کے نزدیک ایک مکان کی دیوار گر جانے سے چار اسکولی بچوں کی موت اور دو دیگر زخمی ہو گئے، جنہیں نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گڑھ قصبہ میں چلنے والے نجی اسکول کے بچے دوپہر کی چھٹی کے بعد اپنے گھروں کو جا رہے تھے کہ اسکول جاتے ہوئے ایک مکان کی دیوار اچانک گر گئی۔ پانچ بچے اور ایک خاتون اس کی زد میں آ گئے۔ واقعے کے فورا بعد پولیس اور گاؤں والوں کی مدد سے سبھی کو ملبے سے نکال کر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں چار بچوں کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ دو دیگر کا علاج چل رہا ہے۔
مرنے والے بچوں کی شناخت انشیکا گپتا (5)، مانیا گپتا (7)، سدھارتھ گپتا (5) اور انوج پرجاپتی (5) کے طور پر کی گئی ہے۔ رکشا گپتا اور ایک خاتون رانی پرجاپتی گنگیو کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں زیر علاج ہیں۔ کچا گھر نام دیو کنبہ کا ہے۔ واقعہ کے بعد متاثرہ کے کنبہ کی شکایت پر نام دیو کنبہ کے دو لوگوں رمیش نام دیو اور ستیش نام دیو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کچے گھر کی یہ دیوار شدید بارش کی وجہ سے گری ہے۔
اس واقعہ پر غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ آج ریوا میں دیوار گرنے سے چار بچوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ گاؤں گڑھ میں نجی اسکول کے قریب دیوار گرنے سے 5 سے 8 سال کے معصوم بچے بے وقت موت کے منہ میں چلے گئے۔ بھگوان سے پرارتھنا ہے کہ وہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی روح کو سکون عطا فرمائے۔ ہم حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔ معصوم بچوں کو کھونے والے کنبوں سے میری گہری تعزیت ہے۔ مرنے والے بچوں کے لواحقین کو حکومت کی طرف سےدو دو لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔