مرکزی وزیر روی شنکر پرساد کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک ہونے کی وجہ تھا اے آر رحمٰن کا گانا

ٹوئٹر نے سونی میوزک انٹرٹینمنٹ کمپنی سے اے آر رحمٰن کے مشہور گانا ’ماں تجھے سلام‘ پر کاپی رائٹ شکایت ملنے کا دعویٰ کیا ہے، ساتھ ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے اس کو لے کر اپنی صفائی بھی دی ہے۔

روی شنکر پرساد، تصویر یو این آئی
روی شنکر پرساد، تصویر یو این آئی
user

تنویر

ٹوئٹر نے 25 جون کو امریکہ کے ڈیجیٹل ملینیم کاپی رائٹ ایکٹ (ڈی ایم سی اے) کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات روی شنکر پرساد کا ٹوئٹ اکاؤنٹ ایک گھنٹے کے لیے بلاک کر دیا تھا، جس پر کافی ہنگامہ ہوا۔ روی شنکر پرساد نے ٹوئٹر کے اس عمل کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی تھی۔ اب اس تعلق سے ٹوئٹر کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے اور اس نے بتایا ہے کہ روی شنکر پرساد کے کس ٹوئٹ نے ڈی ایم سی اے کی خلاف ورزی کی اور ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ایک گھنٹہ کے لیے بلاک کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ مرکزی وزیر کو اے. آر. رحمٰن کا گانا ’ماں تجھے سلام‘ پوسٹ کرنے کی وجہ سے یہ سزا ملی۔

ٹوئٹر نے سونی میوزک انٹرٹینمنٹ کمپنی سے اے آر رحمٰن کے مشہور گانا ’ماں تجھے سلام‘ پر کاپی رائٹ شکایت ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے اس کو لے کر اپنی صفائی میں کہا ہے کہ امریکہ کے ’ڈی ایم سی اے‘ کے نوٹس کے بعد یہ اکاؤنٹ عارضی طور پر بلاک کیا گیا تھا۔ ٹوئٹر کے ترجمان نے بتایا کہ جس ٹوئٹ کی وجہ سے یہ معاملہ سامنے آیا ہے اس پر روک لگا دی گئی ہے۔


ٹوئٹر کے ترجمان نے اس سلسلے میں وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ڈی ایم سی اے نوٹس کے بعد عزت مآب آئی ٹی وزیر روی شنکر پرساد کے اکاؤنٹ پر عارضی روک لگائی گئی تھی۔ جس ٹوئٹ کی وجہ سے یہ معاملہ سامنے آیا، اس کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ ہماری پالیسی کے مطابق کسی چیز کی کاپی رائٹ کے مالک یا اس کے اختیار یافتہ نمائندہ سے قانونی شکایت ملنے پر ہم اس طرح کی کارروائی کرتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔