ناگپور واقع آر ایس ایس ہیڈکوارٹر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے کے معاملہ میں ایک شخص گرفتار

سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالتے وقت پولیس کو پتہ چلا کہ سرکاری بجلی کمپنی میں کام کرنے والے شخص نے یہ خط بھیجا ہے، پھر پولیس نے مشتبہ کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کی۔

آر ایس ایس ہیڈکوارٹر
آر ایس ایس ہیڈکوارٹر
user

قومی آواز بیورو

گزشتہ 25 نومبر کو پولیس کو ایک چٹھی ملی تھی جس میں لکھا گیا تھا کہ ناگپور کے ریشمی باغ واقع آر ایس ایس ہیڈکوارٹر کو بم سے اڑایا جائے گا۔ اس چٹھی میں کسی کا نام نہیں لکھا ہوا تھا، لیکن پولیس نے تحقیقات کے دوران ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آر ایس ایس ہیڈکوارٹر کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھری چٹھی سکردرا تھانہ میں ملی تھی۔ پولیس نے اس چٹھی کی جانچ کی اور ایک شخص کو گرفت میں لیا گیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ یہ مہاراشٹر کی سرکاری بجلی کمپنی میں انجینئر ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ پولیس اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور یہ پتہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے کہ اس خط کو بھیجنے کے پیچھے کیا مقصد پوشیدہ تھا۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 نومبر کو ناگپور کے سریش بھٹ جلسہ گاہ میں بجلی اہلکاروں کا ایک پروگرام منعقد ہوا تھا۔ اسی دن سکردرا تھانہ کی پولیس کو ایک گمنام چٹھی ملی جس میں سریش بھٹ جلسہ گاہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس خط کو دیکھ کر پولیس حرکت میں آ گئی تھی۔ ایسا اس لیے کیونکہ آر ایس ایس کا دفتر سریش بھٹ جلسہ گاہ کے بغل میں ہی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالتے وقت پولیس کو پتہ چلا کہ سرکاری بجلی کمپنی میں کام کرنے والے شخص نے یہ خط بھیجا ہے۔ پولیس نے مشتبہ کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کی۔ پوچھ تاچھ کے دوران ملزم نے خود بتایا کہ اس کی دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔