ممبئی میں بارش سے مکان کا ایک حصہ منہدم، ایک ہی گھر کے دو افراد کی موت
مقامی لوگوں نے موقع سے دو لوگوں کو بچایا اور ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے پہلے انہیں ایک پرائیویٹ گاڑی میں بی ایم سی کے راجواڑی اسپتال لے جایا گیا۔
ممبئی میں کل رات کو ہوئی شدید بارش کی وجہ سے وکرولی میں ایک مکان کا ایک حصہ گر گیا اور ملبے میں دب کر ایک نابالغ لڑکے اور اس کے والد کی موت ہو گئی۔ حکام نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ بی ایم سی ڈیزاسٹر کنٹرول کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی رات تقریباً 11.15 بجے ایک زیر تعمیر پانچ منزلہ عمارت میں پیش آیا ہے۔
عینی شاہدین نے ممبئی فائر بریگیڈ کو بتایا کہ منڈیر کا ایک حصہ اور فرش کی سلیب گر گئی تھی۔ ٹوٹے ہوئے حصے کا کچھ حصہ لٹکا ہوا تھا جسے فائر ڈیپارٹمنٹ کے ملازم نے آلات کی مدد سے ہٹایا۔ مقامی لوگوں نے موقع سے دو لوگوں کو بچایا اور ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے پہلے انہیں ایک پرائیویٹ گاڑی میں بی ایم سی کے راجواڑی اسپتال لے جایا گیا۔
جن لوگوں کو اسپتال پہنچایا گیا وہ دونوں باپ بیٹے تھے۔ اسپتال پہنچنے کے بعد دنوں کو مردہ قرار دے دیا گیا ۔مرنے والوں کی شناخت ناگیش آر ریڈی (38) اور روہت ریڈی (10) کے طور پر ہوئی ہے۔ بی ایم سی نے کہا ہے کہ ملبے کے نیچے دبے دیگر متاثرین کی تلاش جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔