گجرات کے مہسانا میں دردناک حادثہ، مٹی دھنسنے سے کئی مزدور ملبہ میں دبے، 7 جاں بحق

مہسانا ضلع کے جسالپور گاؤں میں بوقت دوپہر مٹی دھنسنے کا دردناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدور ٹینک بنانے کے لیے گڈھا کھود رہے تھے، اچانک مٹی دھنسنے سے کئی مزدور اس میں دب گئے۔

<div class="paragraphs"><p>مٹی دھنسنے سے کئی جاں بحق، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

مٹی دھنسنے سے کئی جاں بحق، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

گجرات کے مہسانا میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں کم از کم 7 مزدوروں کی موت ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ مزدور گڈھا کھودنے کا کام انجام دے رہے تھے، تبھی مٹی دھنسنے سے وہاں موجود مزدور اس ملبہ میں دب گئے۔ اس سے آس پاس ایک ہنگامہ برپا ہو گیا اور فوراً اس گڈھے سے مٹی کو نکالنے کا کام شروع کیا گیا۔ پولیس نے اب تک 7 لاشیں برآمد ہونے کی تصدیق کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک تعمیری کام چل رہا تھا اور اسی دوران مٹی دھنسنے کا یہ واقعہ پیش آیا۔ معاملہ مہسانا ضلع کے جسالپور گاؤں کا ہے جہاں بوقت دوپہر جب مزدور ٹینک بنانے کے لیے گڈھا کھود رہے تھے۔ اچانک مٹی دھنسنے سے کئی مزدور اس میں دب گئے اور 7 مزدوروں کی دردناک موت ہو گئی۔ اس حادثہ کی جانکاری ملنے کے فوراً بعد موقع پر پہنچی پولیس نے مٹی میں دبے لوگوں کو نکلوایا۔ مزید کچھ مزدوروں کے مٹی میں دبے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔


انسپکٹر پرہلاد سنگھ واگھیلا کا کہنا ہے کہ کام کے دوران اچانک مٹی دھنسنے سے مزدور اس میں دب گئے۔ اس کی جانکاری مقامی لوگوں نے پولیس محکمہ کو دی۔ اس کے بعد مٹی میں دبے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تین سے چار مزید لوگ ملبہ میں دبے ہو سکتے ہیں۔

مزدوروں کی موت سے متعلق خبر سن کر ان کے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ سبھی کا روتے روتے برا حال ہو گیا ہے۔ جائے وقوع پر لوگوں کی بھیڑ بھی جمع ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کنسٹرکشن سائٹ پر جے سی بی کے ذریعہ گڈھا کھودنے کا کام چل رہا تھا۔ مزدوروں کی سیکورٹی کے لیے وہاں کوئی خاص انتظام نہیں تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔