ایم پی میں ریت مافیہ کے خلاف اسٹنگ آپریشن کرنے والے صحافی کا قتل!

مدھیہ پردیش کے بھنڈ ضلع میں ٹرک سے کچل کر صحافی کی موت کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے جس کے بارے میں اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ریت مافیہ کی کارروائی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے بھنڈ ضلع میں ٹرک سے کچل کر صحافی کی موت کے معاملے میں ایس پی نے ایس آئی ٹی تشکیل دے دی ہے جو پورے معاملے کی جانچ کرے گی۔ اس درمیان ٹرک سے کچل کر صحافی کی موت کا پورا واقعہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں سامنے آیا ہے۔ اس میں صاف نظر آ رہا ہے کہ صحافی سندیپ شرما سڑک کنارے چل رہے ہیں اور بے قابو ٹرک انھیں کچلتا ہوا آگے بڑھ جاتا ہے۔

پولس کے مطابق صحافی سندیپ شرما سوموار کی صبح اپنی موٹر سائیکل سے کہیں جا رہے تھے۔ اسی دوران بھنڈ کوتوالی کے پاس ایک ٹرک نے انھیں کچل دیا۔ سندیپ کو حادثہ کے بعد فوراً اسپتال لے جایا گیا لیکن انھیں بچایا نہیں جا سکا۔ ٹرک کے ذریعہ سندیپ شرما کو کچلے جانے کا پورا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا ہے جس کے ذریعہ جانچ کا کام آگے بڑھایا جائے گا۔

بتایا جا رہا ہے کہ سندیپ شرما نے تقریباً ایک سال قبل ریت مافیہ اور پولس کے درمیان سانٹھ گانٹھ سے متعلق ایک اسٹنگ آپریشن کیا تھا جس سے ریت مافیہ کافی ناراض تھے۔ اسٹنگ آپریشن میں ایک پولس اہلکار کو ریت مافیہ سے رشوت لیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ خبروں کے مطابق سندیپ نے پورے معاملے کی شکایت وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ سے بھی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔