سپریم کورٹ کے لئے تاریخی دن، بیک وقت 9 جج حلف اٹھائیں گے
عموماً سپریم کورٹ میں نئے ججوں کی حلف برداری تقریب چیف جسٹس کے کورٹ روم میں منعقد ہوتی ہے لیکن اس مرتبہ یہ تقریب سپریم کورٹ کی نئی عمارت میں تعمیر شدہ کانفرنس ہال میں ہوگی
نئی دہلی: سپریم کورٹ کے لئے آج تاریخی دن ہے کیونکہ ایک ساتھ 9 جج عہدہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ چیف جسٹس این وی رمنا انہیں صبح 10.30 بجے حلف دلوائیں گے۔ جو 9 افراد آج سپریم کورٹ کے جج بنیں گے ان میں 8 ہائی کورٹ کے چیف جسٹس یا جج ہیں۔ اس کے علاوہ ایک سینئر وکیل بھی براہ راست سپریم کورت کے جج مقرر ہونے جا رہے ہیں۔
سپریم کورٹ کے 9 جج اس ترتیب میں حلف اٹھائیں گے، جسٹس اے ایس اوکا، جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس جے کے ماہیشوری، جسٹس ہیما کوہلی، جسٹس بی وی ناگرتنا، جسٹس سی ٹی رویندر کمار، جسٹس ایم ایم سندریش، جسٹس بیلا تریویدی، پی ایس نرسمہا۔
حلف برداری تقریب جس آڈیٹوریم میں منعقد ہونے جا رہی ہیں اس میں 900 افراد کے بیٹھنے کا انتظام ہے۔ پہلی مرتبہ ججوں کی حلف برداری تقریب کو دوردرشن پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔
حلف برداری تقریب میں سپریم کورٹ کے تمام ججز، اٹارنی جنرل، سالیسیٹر جنرل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور سپریم کورٹ ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداران اور متعدد وکلاء شریک ہوتے ہیں۔ تمام نئے ججوں کے اہل خانہ اور دوست بھی اس میں شرکت کریں گے۔ محدود تعداد میں دیگر وکلاء اور میڈیا کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
ججوں کا انتخاب کرنے والے کالجیم میں اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے سپریم کورٹ میں تقریباً دو سال تک کوئی نئی تقرری نہیں ہوئی۔ اس کی وجہ سے ججوں کی کل 34 اسامیوں میں سے 10 اسامیاں خالی تھیں۔ آج ہونے والی نئی تقرریوں کے بعد ججوں کی تعداد بڑھ کر 33 ہو جائے گی۔
ان ججوں میں سے جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس بی وی ناگراتنا اور پی ایس نرسمہا کے مستقبل میں چیف جسٹس آف انڈیا بننے کا امکان ہے۔ اب تک سپریم کورٹ میں کوئی خاتون چیف جسٹس نہیں رہی۔ ستمبر 2027 میں جسٹس ناگراتنا کے طور پر ہندوستان کو پہلی خاتون چیف جسٹس مل سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔