مظفر پور کے ہوٹل میں لڑکی کو ماری گئی گولی، میاں بیوی کہہ کر بک کرایا تھا کمرہ!
واقعہ مظفر پور کے مٹھن پورہ تھانہ علاقے میں واقع ہری سبھا چوک کے ایک ہوٹل میں پیش آیا۔ لڑکی اسپتال میں زیر علاج ہے اور پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے
مظفرپور: بہار کے مظفر پور میں ایک نوجوان نے ایک لڑکی گولی ماری اور فرار ہو گیا۔ گولی لڑکی کے جبڑے میں لگی ہے، وہ شدید زخمی ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔ یہ واقعہ منگل یعنی 9 جنوری کی رات کو پیش آیا۔ ہوٹل کی بکنگ کے دوران نوجوان اور لڑکی نے بتایا تھا کہ وہ میاں بیوی ہیں اور انہیں ایک کمرے کی ضرورت ہے۔ یہ پورا واقعہ مظفر پور کے مٹھن پورہ تھانہ علاقے میں واقع ہری سبھا چوک کے ایک ہوٹل میں پیش آیا۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق واقعہ کے بعد ہوٹل کے عملے نے لڑکی کو بریریا کے اسپتال میں داخل کرایا۔ خبر لکھے جانے تک لڑکی کے خاندان کا کوئی فرد سامنے نہیں آیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان کے بھاگنے کے بعد لڑکی کسی طرح ہوٹل کے گراؤنڈ فلور پر پہنچی اور نیچے گر کر بے ہوش ہو گئی۔ پولیس نے تفتیش کے لیے کمرے کو تالا لگا دیا ہے۔ لڑکی کا علاج جاری ہے۔
اس معاملے میں اے ایس پی اودھیش سروج دکشت نے بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ اس میں ایک لڑکی کو گولی لگی ہے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر کے اہلکار موقع پر پہنچے اور معاملے کی جانچ کی۔ معلوم ہوا کہ نوجوان نے لڑکی کے گال پر گولی ماری تھی اور واردات انجام دینے کے بعد وہ فرار ہو گیا۔ موقع سے ایک پستول، میگزین اور دو گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ دونوں نے میاں بیوی ہونے کا دعویٰ کیا تھا لیکن معلوم ہوا کہ وہ میاں بیوی نہیں ہیں۔
کمرہ کیسے بک ہوا؟ اس سوال پر اے ایس پی نے کہا کہ ہوٹل کی جانب سے غفلت برتی گئی ہے۔ ہوٹل کا رجسٹر صحیح طریقے سے مینٹین نہیں گیا تھا۔ شناختی کارڈ نہیں لیا گیا ہے۔ لڑکی کا نام نہیں ہے۔ سی سی ٹی وی کیمرے نہیں ہیں۔ جب لڑکی کو گولی ماری گئی تو استقبالیہ پر ہوٹل کا کوئی عملہ موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ لڑکی اپنا پورا نام ظاہر نہیں کر رہی ہے اس لیے ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ باقی باتیں لڑکی سے پوچھ گچھ کر کے سامنے آئیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔