اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کے 21 ارکان پارلیمنٹ کا وفد تشدد زدہ منی پور کے لیے روانہ
منی پور تشدد کی زمینی صورتحال جاننے کے لیے اپوزیشن پارٹیوں کے 21 ارکان پارلیمنٹ کا ایک وفد ہفتہ کو منی پور کے لیے روانہ ہو گیا۔ اس 2 روزہ دورے پر یہ وفد تشدد سے متاثرہ لوگوں سے بھی ملاقات کرے گا
نئی دہلی: حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد انڈیا (آئی این ڈی آئی اے) کے 21 ممبران پارلیمنٹ کا ایک وفد آج منی پور کے لیے روانہ ہو گیا۔ یہ وفد ریاست کے تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گا اور صورتحال کا جائزہ لے گا۔ وفد میں 16 مختلف اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں۔ اپوزیشن کا وفد دو حصوں ٹیم-اے اور ٹیم-بی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹیم-اے میں 10 ارکان، جبکہ ٹیم-بی میں 11 ارکان ہیں۔
اپوزیشن وفد کے ارکان پہلے زمینی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور پھر کل گورنر سے ملاقات کریں گے۔ ارکان پارلیمنٹ دونوں گروپ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پہاڑی اور وادی دونوں علاقوں کا الگ الگ دورہ کریں گے۔ یہ ارکان پارلیمنٹ جن علاقوں کا دورہ کریں گے ان میں چورا چند پور، امپھال ایسٹ اور ویسٹ میں ریلیف کیمپ، مویرانگ ریلیف کیمپ شامل ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ اپنے دورے کی رپورٹ تیار کریں گے اور بعد میں اس پر پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کریں گے۔
ترنمول کانگریس لیڈر سشمتا دیو نے کہا کہ اپوزیشن کا وفد یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ ہم منی پور کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پریشان ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ منی پور میں امن بحال ہو لیکن حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی ہے، اس لیے ہم وہاں جا کر دیکھنا چاہتے ہیں کہ کیا کوئی حل نکالا جا سکتا ہے۔ ڈی ایم کے لیڈر ٹی آر بالو نے کہا کہ اپوزیشن کا وفد معلوم کرے گا کہ کیا غلط ہوا، جان و مال کا کس حد تک نقصان ہوا۔
آر ایس پی لیڈر پریم چندرن نے کہا کہ وفد کے اس دورے کا مقصد منی پور میں ہونے والے واقعات کے بارے میں معلومات حاصل کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تشدد اب بھی جاری ہے، اس لیے ہم وہاں جائیں گے اور صورتحال کے بارے میں معلومات اکٹھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متاثرین کی بحالی کے لیے ریلیف کیمپوں کا دورہ کریں گے۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ تشدد کی اصل وجہ کیا ہے؟
وفد میں لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری اور ان کے پارٹی کے ساتھی گگوئی، کوڈی کونل سریش اور پھولو دیوی نیتام کے علاوہ ٹی ایم سی کی سشمیتا دیو، جے ایم ایم کی مہوا ماجی، ڈی ایم کے کی کنیموزی، این سی پی کے محمد فیضل، آر ایل ڈی کے جینت چودھری، آر جے ڈی کے منوج کمار جھا اور آر اسی پی کے این کے پریما چندرن اور وی سی کے کے ٹی تھرومالاوان شامل ہیں۔
وفد کے دیگر ارکان میں جے ڈی (یو) کے سربراہ راجیو رنجن (للن) سنگھ اور ان کی پارٹی کے ساتھی انیل پرساد ہیگڑے، سی پی آئی کے سندوش کمار، سی پی آئی (ایم) کے اے اے رحیم، سماج وادی پارٹی کے جاوید علی خان، آئی یو ایم ایل کے ای ٹی محمد بشیر، اے اے پی کے سشیل گپتا، اروند ساونت (شیو سینا ادھو ٹھاکرے)، ڈی روی کمار (ڈی ایم کے) شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔