سری نگر: ایک سی آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل نے کی خودکشی
سی آر پی ایف کے پی آر او نیرج راٹھور نے بتایا کہ مہلوک سی آر پی ایف اہلکار نے ظاہری طور پر خودکشی کرلی ہے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا گیا ہے۔ موت کی اصل وجہ جاننے کے بعد تحقیقات ہوگی۔
سری نگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے سول سکریٹریٹ میں تعینات ایک علیل سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) ہیڈ کانسٹیبل نے دوران ڈیوٹی خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی ہے۔ سی آر پی ایف کے پی آر او نیرج راٹھور نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔
نیرج راٹھور نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ 'مہلوک سی آر پی ایف اہلکار نے ظاہری طور پر خودکشی کرلی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا گیا ہے۔ موت کی اصل وجہ جاننے کے لئے تحقیقات ہوگی'۔ ذرائع نے بتایا کہ سول سکریٹریٹ میں تعینات سی آر پی ایف 23 بٹالین سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل دلباغ سنگھ نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کو قریب ساڑھے بارہ بجے دوران ڈیوٹی خود پر گولی چلائی۔
انہوں نے کہا کہ گولی چلنے کی آواز سنتے ہی سول سکریٹریٹ میں تعینات دوسرے سی آر پی ایف اہلکار دلباغ سنگھ کے پاس پہنچے اور انہیں خون میں لت پت پایا۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمی سی آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل کو فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والا مہلوک سی آر پی ایف اہلکار گزشتہ چند ہفتوں سے علیل تھا اور اس کا علاج چل رہا تھا۔ سی آر پی ایف اہلکار کے قبضے سے ایسا کوئی دستاویز برآمد نہیں ہوا ہے جس سے یہ معلوم ہوجائے کہ اس نے خودکشی کا قدم کیوں اٹھایا۔
قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔
مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع شریپد نائیک نے گزشتہ برس دسمبر میں لوک سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سال 2010 سے سال 2019 کے دوران 1113 فوجی اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔