دہلی کانگریس کے نومنتخب صدر اروندر سنگھ لولی سے ملاقات کرنے والوں کا لگا تانتا
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے مقرر صدر اروندر سنگھ لولی آئندہ 14 ستمبر کو اپنی ذمہ داری سنبھالیں گے، ان سے ملاقات کر مبارکباد دینے والوں کا ایک دراز سلسلہ دکھائی پڑ رہا ہے۔
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے نو منتخب صدر اروندر سنگھ لولی 14 ستمبر 2023 کو صبح 11 بجے پارٹی دفتر میں اپنا چارج سنبھالیں گے۔ لولی کو ذمہ داری ملنے کے بعد سے دہلی کانگریس کے لیڈران و کارکنان میں جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ لوگ لولی سے ملاقات کرنے کے لیے بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں اور ان کی رہائش گاہ پر لوگوں کی آمد کا ایک دراز سلسلہ دکھائی دے رہا ہے۔
کانگریس کارکنان اروندر سنگھ لولی کا پرتپاک استقبال کرنے کیلئے پوری طرح سے بیتاب نظر آرہے ہیں، لیکن پارٹی دفتر کی جانب سے جاری کردہ ریلیز میں مودبانہ اپیل کی گئی ہے کہ نئی دہلی کے مخصوص علاقوں میں دہلی کانگریس کارکنان و لیڈران G-20 سمٹ کے پیش نظر کوئی بھی ہورڈنگ یا پوسٹر نہ لگائیں۔ دہلی کو صاف ستھرا رکھنا دہلی کے ہر ایک فرد کی ذمہ اری ہے اس میں سبھی کو حصہ لینا چاہئے۔ کانگریس پارٹی اس پر عمل پیرا نظر آ رہی ہے۔
کانگریس کارکنان اور دہلی کی بااثر شخصیات کل دوپہر سے ہی اروندر سنگھ لولی سے ملنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔ ان کی تقرری کو لے کر دہلی کے تمام طبقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہر طرف سے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ پارٹی نے G-20 کے پیش نظر 14 ستمبر کا دن مقرر کیا ہے، حالانکہ ریاستی دفتر سے تمام سیاسی سرگرمیاں خوش اسلوبی سے چل رہی ہیں اور دہلی کے تمام سینئر لیڈران اور کارکنان پارٹی دفتر پہنچ کر کانگریس کو مضبوط بنانے کے لیے تیزی سے قدم اٹھا رہے ہیں۔
14 ستمبر کو ریاستی دفتر میں منعقد ہونے والے پروگرام میں ہزاروں لوگ جمع ہوں گے، جس کے لیے نکڑ سبھائیں شروع ہو چکی ہیں اور اس میں دہلی کے تمام سینئر کانگریسی لیڈران و کارکنان اور عام شہری موجود رہیں گے۔ لولی کو مبارکباد دینے کیلئے نائب صدر علی مہدی، شعیب دانش، حاجی محمد خوشنود، کونسلر حاجی ظریف، کونسلر حاجی سمیر منصوری، جاوید چودھری وغیرہ بھی پہنچے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔