جموں و کشمیر سے متعلق حالات پر دہلی میں اعلیٰ سطحی میٹنگ کے درمیان ڈوڈہ میں ایک کیپٹن شہید، 4 دہشت گرد بھی ہلاک

سیکورٹی فورسز نے شیوگڑھ-اسّر بیلٹ میں چھپے دہشت گردوں کے ایک گروپ کو گھیر رکھا ہے، ساتھ ہی علاقے میں تلاشی مہم بھی چلائی جا رہی ہے، جنگل ہونے کی وجہ سے جوانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

راجناتھ سنگھ، تصویر یو این آئی
راجناتھ سنگھ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر میں لگاتار سیکورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان ہو رہے تصادم سے فکر مند مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بدھ کے روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی۔ ایک طرف جب یہ میٹنگ چل رہی تھی تو دوسری طرف جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں ایک بار پھر تصادم کا معاملہ سامنے آیا۔ دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہوئے اس تصادم میں ہندوستانی فوج کے 48 نیشنل رائفلز کے ایک کیپٹن کی شہادت سے متعلق خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ تصادم ابھی جاری ہے اور تلاشی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ فوج نے اس واقعہ سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے کیپٹن کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔ ساتھ ہی افسران کا کہنا ہے کہ اس تصادم میں 4 دہشت گردوں کی ہلاکت کا بھی امکان ہے۔ خبروں کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شیوگڑھ-اسّر بیلٹ میں چھپے دہشت گردوں کے ایک گروپ کو گھیر رکھا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ علاقے میں تلاشی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ جنگل ہونے کی وجہ سے جوانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


موصولہ اطلاع میں بتایا جا رہا ہے کہ تصادم کے دوران ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے جس کا علاج کیا جا رہا ہے۔ اس درمیان جوانوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایم-4 رائفل اور 3 بیگ ملے ہیں۔ یہ تصادم گزشتہ دن پٹنی ٹاپ سے ملحق جنگل علاقہ میں شروع ہوا تھا۔ ہندوستانی فوج نے اس آپریشن کا نام ’آپریشن اسّر‘ رکھا ہے۔ کل سے یہ آپریشن جاری ہے اور سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کی تلاشی پورے زور و شور کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایک افسر نے بتایا کہ دہشت گرد اسّر میں ایک ندی کے پاس چھپے ہوئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان رک رک کر گولی باری ہو رہی ہے۔ رات کے وقت بھی جوانوں نے محاذ کو سنبھالے رکھا، اور پھر دن کا اجالا ہوتے ہی تلاشی مہم پھر سے شروع کی گئی۔ آج صبح تقریباً 7.30 بجے پھر سے گولی باری شروع ہو گئی تھی۔


اِدھر جموں و کشمیر کی سیکورٹی کو لے کر دہلی میں ہوئی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں دفاعی سکریٹری گریدھر ارمانے، قومی سیکورٹی مشیر اجیت ڈووال، فوجی چیف جنرل اوپیندر دویدی، فوجی آپریشن ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما اور سیکورٹی سے منسلک ایجنسیوں کے چیف موجود رہے۔ یہ میٹنگ ساؤتھ بلاک میں ہوئی۔ 15 اگست کے پیش نظر جموں و کشمیر میں سیکورٹی کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ میٹنگ ہوئی ہے اور جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔