بستی نظام الدین: پلوامہ حملہ کے خلاف کینڈل مارچ، کشمیریوں پر حملوں کی بھی مذمت

دہلی میں کینڈل مارچ نکال کر پلوامہ حملہ میں شہید ہونے والےجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ حکومت اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ملک بھر میں بے گناہ کشمیریوں پر حملے نہ ہونے دیں۔

تصویر قومی آواز / وپن
تصویر قومی آواز / وپن
user

قومی آواز بیورو

دہلی: کشمیر کے پلوامہ میں خود کش حملہ کے دوران 40 سے زیادہ سی آر پی ایف اہلکار کے شہید ہونے کے بعد سے ہندوستان بھر میں خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ دہشت گردی اور پاکستان کی طرف سے  چلائی جا رہی ہندوستان مخالف سرگرمیوں کے خلاف ملک کے ہر طبقہ اور ہر شعبہ سے لوگ سامنے آکر صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ملی تنظیمیں، مسلم اکثریتی علاقہ اور مدارس اسلامیہ کی طرف سے بھی لگاتار آواز اٹھائی جا رہی ہے اور دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے۔

اسی سلسلہ میں دہلی میں واقع بستی حضرت نظام دین میں بھی پیر کے روز ایک کینڈل مارچ نکالا گیا، جس کے دوران شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور دہشت گردی مخالف نعرے بازی کی گئی۔

تصویر قومی آواز / وپن
تصویر قومی آواز / وپن
بستی حضرت نظام الدین میں کینڈل مارچ نکالتے لوگ

اس مارچ کا اہتمام ڈاکیومنٹری فلموں کی تخلیق کار اورسماجی کارکن یاسمین قدوائی نے کیا۔ قومی آواز سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین قدوائی نے کہا کہ کانگریس پارٹی سے وابستہ ہر ایک شخص پلوامہ حملہ کی مذمت کرتا ہے لیکن ساتھ ہی اس حملہ کے بعد بے قصوروں کشمیریوں پر کیے جا رہے حملوں کے بھی ہم مخالف ہیں۔ انہوں نےکہا کہ اس مارچ کا مقصد ملک میں امن و امان کی فضا بنائے رکھنے اور آپ سی بھائی چارے کو قائم رکھنا ہے۔

تصویر قومی آواز/ وپن
تصویر قومی آواز/ وپن
بستی حضرت نظام الدین میں کینڈل مارچ نکالتے لوگ

یاسمین قدوائی نے کہا، ’’ہم حکومت سے درخواست کرتےہیں کہ قصورواروں کو قطعی نہ بخشا جائے لیکن بے گناہ کشمیریوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے۔‘‘ اس دوران مظاہرین نے بینر اور تختیاں بھی تھامے ہوئی تھیں جن پر ’قصور وار کو چھوڑو مت، بے گناہ کو چھیڑو مت‘ جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Feb 2019, 2:09 PM