مدھیہ پردیش کی ’موہن حکومت‘ ایکشن میں، گوشت کی 10 دکانوں پر چلا بلڈوزر!

میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر رادھے شیام منڈلوئی کا کہنا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر شہر کے ناگ جھری علاقہ میں بغیر اجازت چل رہی گوشت کی دکانوں پر کارروائی کی گئی ہے۔

بلڈوزر کی علامتی تصویر
بلڈوزر کی علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

ڈاکٹر موہن یادو مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے کے فوراً بعد ہی پوری طرح فعال ہو گئے ہیں۔ ان کے ذریعہ کھلے میں گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم صادر کیا گیا ہے، اور اس کا بھرپور اثر دکھائی دینے لگا ہے۔ اجین میونسپل کارپوریشن نے کارروائی شروع کرتے ہوئے جمعہ کے روز گوشت کی کچھ دکانوں پر بلڈوزر چلا کر اسے منہدم کر دیا۔ ان دکانوں سے کچھ سامان بھی ضبط کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو بھی شہر میں کچھ گوشت کی دکانوں پر کارروائی ہوئی تھی۔ کل دکانوں پر تالا لگانے کے بعد میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے منادی کر سبھی کو کھلے میں گوشت نہ فروخت کرنے کی تنبیہ کی تھی۔ میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر رادھے شیام منڈلوئی کا کہنا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر ہی شہر کے ناگ جھری علاقہ میں بغیر اجازت چل رہی گوشت کی دکانوں پر کارروائی کی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی کارروائی کر رہی ہیں۔ پورے شہر میں اس کے لیے منادی کی گئی ہے۔


سرکاری افسر کے مطابق کھلے میں گوشت فروخت کرنے والی تقریباً 10 دکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور سڑک کنارے واقع کچھ دکانوں کو بھی میونسپل کارپوریشن نے منہدم کر دیا ہے۔ کارپوریشن نے موقع پر سے کچھ سامان بھی ضبط کیے ہیں۔ اس درمیان افسران کی ایک ٹیم نے شہر کے توپ خانہ علاقہ اور مہاکالیشور مندر کے پاس بیگم باغ علاقہ میں گوشت کی دکانوں کے دکانداروں کو تنبیہ کی ہے۔

اس معاملے میں سٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ (سی ایس پی) اوم پرکاش مشرا نے بتایا کہ مدھیہ پردیش حکومت نے کھلے میں گوشت کی دکانیں نہ چلانے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس کے لیے شیشے یا کوئی شفاف شیٹ کا استعمال ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں گوشت کی دکانیں مذہبی مقامات سے 100 میٹر کی حد کے اندر نہیں ہونا چاہیے۔ اس حکم کو پیش نظر رکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن، پولیس ٹیم اور ضلع انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم عوام کے درمیان بیداری پھیلا رہی ہے۔ دکانداروں کو بھی اصولوں کے تئیں محتاط کیا جا رہا ہے۔ اوم پرکاش مشرا نے بتایا کہ جو بھی اصولوں پر عمل نہیں کرے گا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔