بجنور سے ایک برطانوی سیاح لاپتہ! ٹیکسی کے ذریعے جا رہا تھا لکھنؤ، پولیس کے ہاتھ پیر پھولے

ٹیکسی ڈرائیور راجیو شرما نے بتایا کہ مذکورہ برطانوی شہری نور پور میں لنچ لینے قصبے کے اندر گیا تھا اور اس کے بعد سے اس کا کوئی سراغ نہیں ملا

<div class="paragraphs"><p>تصویر آس محمد کیف</p></div>

تصویر آس محمد کیف

user

آس محمد کیف

بجنور: اترپردیش کے بجنور ضلع میں ایک برطانوی سیاح کے لاپتہ ہونے سے پولیس کے ہاتھ پیر پھول گئے ہیں۔ کئی تھانوں کی پولیس نے ہفتہ (18 فروری) کو سیم انڈرچ بٹوک (Sam Endrich Batook) نامی گمشدہ برطانوی شہری کو گھنٹوں تلاش کیا۔ یہ برطانوی شہری اتراکھنڈ کے رشی کیش سے ٹیکسی کے ذریعے بجنور کے راستے لکھنؤ جا رہا تھا۔ اطلاع دینے پولیس اسٹیشن پہنچے ٹیکسی ڈرائیور راجیو شرما نے بتایا کہ مذکورہ برطانوی شہری نور پور میں لنچ لینے قصبے کے اندر گیا تھا اور اس کے بعد سے اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ المیہ یہ ہے کہ ڈرائیور راجیو شرما کے پاس برطانوی شہری کا فون نمبر اور تصویر تک نہیں ہے۔ تاہم راجیو شرما نے سفری سلپ میں درج پاسپورٹ نمبر پولیس کو دیا ہے۔ برطانوی شہری کی گمشدگی کے باعث پولیس میں افرا تفری کا ماحول ہے۔

گمشدہ برطانوی شہری کی عمر تقریباً 50 سال ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق سیم انڈرچ نے زرد رنگ کی نصف بازو والی ٹی-شرٹ اور سیاہ رنگ کی پتلون پہن رکھی تھی۔ چاند پور کی ڈپٹی ایس پی سنیتا دہیا نے بتایا کہ آج (ہفتہ 18 فروری) دوپہر تقریباً 2 بجے ٹیکسی ڈرائیور راجیو شرما نور پور تھانے میں معلومات دینے پہنچا۔ اس سے قبل ڈائل 112 پر بھی اطلاع دی گئی تھی۔ دوپہر ایک بجے کے قریب برطانوی شہری ای رکشہ میں بیٹھ کر یہ کھانے کے لئے قصبے کے اندر چلا گیا تھا۔ ڈرائیور کچھ دیر تک خود اس کی تلاش کرتا رہا، پھر اس نے تھانے آ کر اطلاع دی اور بتایا کہ سیم واپس نہیں لوٹا۔ سنیتا دہیا نے بتایا ’’سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ میں سیاح کو ایک جگہ کچھ کھاتے ہوئے دیکھا گیا ہے، اس کے بعد سے اس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ہم نے تمام سی سی ٹی وی کیمروں سے معلومات اکٹھی کی ہیں۔ ہو سکتا ہے وہ اپنا راستہ بھول گئے ہوں۔ ہمیں امید ہے کہ وہ محفوظ ہوں گے۔‘‘


نور پور کے رہائشی سبھاش کے مطابق انہوں نے برطانوی شہری کو دوپہر کے وقت انڈین آئل پٹرول پمپ کے قریب دیکھا تھا اور انہوں نے یہ اطلاع پولیس کو فراہم کر دی ہے۔ اس واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بجنور کے ایس پی دیہات رام عرض سنگھ نور پور پہنچ گئے اور تلاشی مہم کی نگرانی کی۔ انہوں نے بتایا کہ دوپہر تقریباً 1.30 بجے وہ انڈین آئل پٹرول پمپ کے قریب اسی مراد آباد روڈ سے لاپتہ ہیں، جہاں انہیں آخری بار دیکھا گیا تھا۔

بجنور میں یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بجنور کے پولیس کپتان دنیش کمار سنگھ برین ہیمرج کا شکار ہو چکے ہیں اور نوئیڈا میں ان کی شدید طبی جانچ کی جا رہی ہے۔ ایس پی دیہات رام عرض کے مطابق بجنور پولیس تشہیری نظام اور دیگر طریقوں سے برطانوی شہری تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔


اس معاملے میں سب سے سنگین بات یہ ہے کہ برطانوی شہری کا کوئی ریکارڈ نہیں مل رہا ہے۔ ایک پولیس افسر سے ملی معلومات کے مطابق رشی کیش کی ٹریول ایجنسی میں بھی اس برطانوی شہری کا کوئی رابطہ نمبر نہیں ہے۔ وہاں ای میل کے ذریعے آن لائن بکنگ کی گئی تھی، جسے ٹریک کیا جا رہا ہے۔ ٹیکسی بک کرتے وقت پاسپورٹ نمبر ضرور دیا گیا تھا لیکن اس کے علاوہ کوئی اور اطلاع موجود نہیں ہے۔ سیاح کے دیگر ساتھیوں سے بھی رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن پولیس کو اس میں بھی کامیابی نہیں مل پا رہی۔ ان تمام وجوہات کی بنا پر گمشدہ برطانوی شہری کو تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔