صنعتی شہر کانپور میں دیوالی پر آتش بازی کے سبب آسمان پر دھند کی چادر

اتر پردیش کے کانپور میں دیوالی کا تہوار بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، لیکن اس دوران زبردست آتش بازی کی وجہ سے آلودگی نے پوری طرح سے صنعتی شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے

دیوالی پر آتش بازی کا منظر / یو این آئی
دیوالی پر آتش بازی کا منظر / یو این آئی
user

یو این آئی

کانپور: اتر پردیش کے کانپور میں دیوالی کا تہوار بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، لیکن اس دوران زبردست آتش بازی کی وجہ سے آلودگی نے پوری طرح سے صنعتی شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور حالات ایسے بن گئے ہیں کہ کانپور کی فضائیں سانس لینے کے قابل نہیں رہے۔

اتر پردیش پولوشن کنٹرول بورڈ کے مطابق پٹاخوں کی وجہ سے آلودگی سنگین حالت میں پہنچ گئی ہے اور ائر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 391 تک پہنچ گیا ہے جسے انسانی سانس کے لیے انتہائی خطرناک بتایا جا رہا ہے۔

رات دیر گئے آتش بازی کے بعد کانپور میں صبح سے ہی موسم میں تبدیلی دیکھنے میں آئی اور پورا شہر دھند کی لپیٹ میں آگیا۔ یہ کہرا آلودگی کی وجہ سے ہے اور ہر طرف دھواں ہی دھواں نظر آرہا ہے جس کے باعث ڈاکٹروں نے بزرگوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ اس کہرے کا اثر سانس کے مریضوں پر زیادہ نظر آتا ہے۔


دیوالی کے تہوار کی آتش بازی کے بعد اتر پردیش کے بڑے شہروں کی ہوا بھی زہریلی ہو گئی ہے اور تمام بڑے شہروں میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 300 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر سے تجاوز کر گیا ہے۔ ویسے بھی کانپور اور لکھنؤ آلودگی کے معاملے میں ٹاپ 5 شہروں میں ہیں۔ دیر رات سے کانپور، مرادآباد، وارانسی، آگرہ، پریاگ راج اور میرٹھ میں ہوا کے معیار کا انڈیکس مزید خراب ہوگیا ہے اور صورتحال تشویشناک ہے۔

کانپور میں391 اے کیو آئی، آگرہ 280، گورکھپور 325، نوئیڈا 441، غازی آباد 431، میرٹھ 363، ورنداون 376، لکھنؤ 315، مراد آباد 305، پریاگ راج 306، وارانسی 257 رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔