یوپی میں 9 سال کی بچی بھی تنہا اسکول جانے سے خائف: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ خواتین کی سیکورٹی کے حوالے سے ریاست میں حالات اس قدر خطرناک ہیں کہ یہاں نو سال کی بچی بھی اکیلے اسکول جانے سے ڈرتی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اناؤ: اتر پردیش حکومت کو اناؤ میں عصمت دری متأثرہ کی موت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ خواتین کی سیکورٹی کے حوالے سے ریاست میں حالات اس قدر خطرناک ہیں کہ یہاں نو سال کی بچی بھی اکیلے اسکول جانے سے ڈرتی ہے۔ ادھر راہل گاندھی نے کہا کہ وہ متاثرہ کی دل دہلا دینے والی موت اور انسانیت کو شرمسار کرنے والے واقعہ سے سکتہ میں ہیں۔

ضلع اناؤ کے بہار علاقے میں سنیچر کو عصمت دری متأثرہ کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کا بھروسہ دلانے ہندونگر بھاٹن کھیڑا گاؤں پہنچی پرینکا نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ ’’ریاستی حکومت کہتی ہے کہ ملزموں کے لئے ریاست میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ جرائم سے و جرائم پیشہ افراد سے پاک ریاست کا دعوی کرتی ہے لیکن سچائی یہ ہے کہ یوپی میں خواتین کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

پرینکا ساڑھے 12 بجے کے قریب متأثرہ کے اہل خانہ سے ملنے گاؤں پہنچی، کانگریس لیڈر نے متأثرہ کی بھابھی سے بند کمرے میں تقریبا آدھے گھنٹے تک بات کی۔ باہر نکل کر میڈیا کے سوالوں پر کہا ’’آج جو حالات ہیں اس میں 9 سال کی بچی بھی اسکول جانے سے ڈرتی ہے۔ ریاست میں جرائم پیشہ افراد بے خوف ہیں۔ مجرموں کے دل میں پولس کا خوف نہیں ہے۔انہوں حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔

متأثرہ کا کنبہ ایک سال سے انصاف کی لڑائی لڑ رہا تھا۔ والد کے ساتھ ملزمین مارپیٹ کررہے تھے۔بچوں وخواتین کو ڈراتے دھمکاتے رہے فصل تک جلادی لیکن وقت رہتے ہوئے انتظامیہ نے کوئی بھی کاروائی نہیں کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ اگر اس معاملے میں انتظامیہ سخت رخ اختیار کرتا تو اس طرح کے واقعات کو روکا جاسکتا تھا۔


پرینکا گاندھی نے کہا کہ ریاست میں ایک کے بعد ایک ایسے واقعات پیش آرہے ہیں۔ انتظامیہ کو سنجیدہ ہونا پڑے گا تبھی اس طرح کے واقعات پر قابو حاصل کیا جاسکے گا۔انہوں نے متأثرہ کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کے ساتھ ہی قانونی لڑائی لڑنے میں تعاون کا بھروسہ دلایا۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ریاسیت حکومت جواب دے کہ بار بار سیکورٹی کا مطالبہ کرنے والی متأثرہ کو سیکورٹی کیوں نہیں فراہم کی گئی؟نتیجہ یہ ہوا کہ ملزمین نے متأثرہ کو ہی جلادیا۔ انہوں نے اہل خانہ کے سبھی اراکین سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ پرینکا کے ساتھ یوپی کانگریس کے صدر اجے کمار للو اور اناؤ کی سابق رکن پارلیمان انو ٹنڈن موجود رہیں۔

اناؤ متاثرہ لڑکی کی موت سے سکتہ میں ہوں: راہل

ادھر، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اناؤ کی عصمت دری کی شکار لڑکی کی موت کو انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ کے انصاف اور تحفظ کی امیدیں دم توڑنے سے وہ پریشان ہیں۔

راہل گاندھی نے ٹوئیٹ کیا، ’’اناؤ کی معصوم بیٹی کی تکلیف دہ اور دل دہلا دینے والی موت، انسانیت کو شرمسار کرنے والے واقعہ سے سکتہ میں ہوں۔ ‘‘ انھوں نے واقعہ پر انتہائی غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ کے خاندان کے تئیں ہمدردی ظاہر کی اور کہا کہ اس مشکل گھڑی میں وہ غم زدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ’بیٹیوں کو انصاف دو‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔