بہار میں نظام تعلیم کا حال! امتحان میں موبائل لے جانے پر بی ایڈ کے 80 طلبا برخاست

بہار کے بھوجپور ضلع میں بی ایڈ کے امتحان میں بیٹھنے والے کل 80 طلبا کو امتحانی مرکز میں موبائل فون لے جانے کے جرم میں برخاست کر دیا گیا ہے

امتحان  / تصویر آئی اے این ایس
امتحان / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: بہار کے بھوجپور ضلع میں بی ایڈ کے امتحان میں بیٹھنے والے کل 80 طلبا کو امتحانی مرکز میں موبائل فون لے جانے کے جرم میں برخاست کر دیا گیا ہے۔ ایک عہدیدار نے جمعہ کے روز یہ اطلاع دی۔ ان طلبا کے قبضہ سے مبینہ طور پر موبائل فون اور گس پیپرز برآمد کئے گئے۔

ایچ ڈی جین کالج آرہ میں طلبا کو بی ایڈ کے آخری سال کے امتحان کے پانچویں پرچہ کے لئے بیٹھنا تھا۔ اس دوران طالب علم موبائل فون، نقل کی پرچی اور گس پیپر لے کر امتحانی مرکز میں داخل ہوئے۔

بھوجپور کے ضلع مجسٹریٹ راج کمار نے کہا، "ہم نے امتحان دینے والے 80 طلبا سے 100 موبائل فون ضبط کیے ہیں۔ انہیں امتحان سے باہر کر دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی سے ان کے خلاف کارروائی کرنے سفارش بھی کی گئی ہے۔"


ایچ ڈی جین کالج میں بی ایڈ فائنل ایئر کے امتحان 8 جولائی سے شروع ہوئے تھے اور جمعہ کو آریہ بھٹہ نالج یونیورسٹی، پٹنہ کے طلبا پانچویں پیپر کے امتحان میں بیٹھے تھے۔

ضلع مجسٹریٹ نے کہا، ’’تحقیقات کے دوران یہ ظاہر ہوا کہ ضلعی انتظامیہ نے طالب علموں کی مکمل جانچ پڑتال کے لیے مناسب پولیس فورس فراہم نہیں کی تھی، اس لیے وہ موبائل فون اور گس پیپر لے کر امتحانی مرکز میں داخل ہوئے، جبکہ اس پر مکمل پابندی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔