کیرالہ، اتر پردیش اور ہماچل پردیش میں ٹرین حادثات، 2 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

ایک طرف کیرالہ کے پلکڑ میں 4 صفائی اہلکار ٹرین کی زد میں آنے سے ہلاک ہو گئے، دوسری طرف مرزاپور واقع نارائن بازار ریلوے اسٹیشن کے قریب 2 بچے ٹرین کی زد میں آ گئے، ایک ہلاکت ہماچل پردیش میں بھی ہوئی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، یو این آئی</p></div>

علامتی تصویر، یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

کیرالہ، اتر پردیش اور ہماچل پردیش میں ٹرین حادثات کے دوران مجموعی طور پر 7 افراد کی ہلاکت سے متعلق خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ کیرالہ کے پلکڑی میں جہاں 4 صفائی اہلکار ٹرین کی زد میں آنے سے ہلاک ہو گئے ہیں، وہیں اتر پردیش کے مرزاپور واقع نارائن بازار ریلوے اسٹیشن کے قریب 2 بچے ٹرین کی زد میں آ کر فوت ہو گئے۔ اسی طرح ہماچل پردیش کے اونا میں ایک شخص تیز رفتار ٹرین کی زد میں آنے سے ہلاک ہو گیا۔

کیرالہ کے پلکڑ میں پیش آئے ٹرین حادثہ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ کیرالہ ایکسپریس ٹرین دوپہر تقریباً 3.05 بجے صفائی کر رہے ملازمین کو زوردار ٹکر مار دی۔ یہ ٹکر اس وقت لگی جب ملازمین ریلوے اسٹیشن سے کچھ دوری پر شورانور پُل کے پاس ریلوے ٹریک پر کچرا صاف کر رہے تھے۔ اس ٹکر میں چاروں صفائی ملازمین ٹریک سے نیچے بھارت پوژا ندی میں گر گئے اور ہلاک ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ندی سے تین لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ چوتھے لاش کی تلاش جاری ہے۔ فی الحال ریلوے پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ کر جائزہ لے رہی ہے۔ جن ہلاک صفائی اہلکاروں کی لاش برآمد ہو گئی ہے ان کی شناخت لکشمنن، وَلّی اور لکشمنن کی شکل میں ہوئی ہے۔


اتر پردیش کے مرزاپور ضلع میں پیش آئے حادثہ سے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ ادلہاٹ تھانہ حلقہ کے نارائن پور بازار ریلوے اسٹیشن کے پورب واقع کرہٹ گاؤں کے سامنے ہفتہ کی صبح دردناک واقعہ پیش آیا۔ گووردھن پوجا کے لیے بھٹکیا کا کانٹا لانے گئے دو بچے ٹرین کی زد میں آ گئے جس سے ان کی موت ہو گئی۔ دونوں بچے برئی پور گاؤں کے باشندہ تھے۔ اس حادثہ سے بچوں کے اہل خانہ غمزدہ ہیں۔ چوکی انچارج نارائن پور جئے دیپ سنگھ نے بتایا کہ برئی پور باشندہ 10 سالہ رام آشیش جو درجہ 4 میں پڑھتا تھا، اور اسی گاؤں کا 8 سالہ ستیم سونکر جو درجہ 2 میں پڑھتا تھا، دونوں بچے گھر والوں کے کہنے پر گووردھن پوجا کے لیے گونگ، بھٹکیا کا کانٹا لانے ریلوے لائن کے پاس گئے تھے۔ اسی درمیان ٹرین کی زد میں آنے سے دونوں بچوں کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔

تیسرا واقعہ ہماچل پردیش کے اونا کا ہے جہاں 63 سالہ جوگندر سنگھ کی موت ٹرین سے ٹکرانے کے سبب ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رائے پور سہوڑاں باشندہ گھاس لینے کے لیے ریلوے لائن کراس کر رہا تھا۔ اسی درمیان آتی ٹرین سے وہ ٹکرا گیا۔ انبالا سے اونا کے درمیان چلنے والی یہ مسافر ٹرین (04593) جب رائے پور کے قریب پہنچی تو یہ شخص اس کی زد میں آ گیا۔ اس کی اطلاع ریلوے اہلکاروں نے پولیس کو دی۔ بعد ازاں لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔