بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد ہلاک، وزیر اعلیٰ کا لواحقین کے حق میں 4-4 لاکھ روپے جاری کرنے کا اعلان

محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق اورنگ آباد میں اتوار کی شام سے پیر کی شام تک بجلی گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ جبکہ بکسر، بھوجپور، روہتاس، بھاگلپور اور دربھنگہ میں ایک ایک شخص کی جان گئی

آسمانی بجلی، علامتی تصویر آئی اے این ایس
آسمانی بجلی، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: بہار کے مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد کی موت ہو گئی۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو بغیر کسی تاخیر کے 4 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم دینے کی ہدایت دی ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق اورنگ آباد میں اتوار کی شام سے پیر کی شام تک بجلی گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ وہیں بکسر، بھوجپور، روہتاس، بھاگلپور اور دربھنگہ میں ایک ایک شخص کی جان گئی۔

ریاستی حکومت کی طرف سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے 30 جون سے یکم جولائی کی شام تک ریاست کے 6 اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے 7 لوگوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہلاک شدگان کے لواحقین کو فی الفور 4 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم ادا کریں۔


پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعلیٰ نے عوام سے خراب موسم میں مکمل احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ اپنے آپ کو آسمانی بجلی سے بچانے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ تجاویز پر عمل کریں۔ خراب موسم میں گھر کے اندر رہیں۔

خیال رہے کہ جنوب مغربی مانسون نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کی وجہ سے مختلف حصوں میں زبردست بارش ہوئی ہے۔ 29 جون کو ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بہار سمیت 23 ریاستوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا تھا۔ اس کے علاوہ، محکمہ موسمیات نے بہار میں مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، کشن گنج، سیتامڑھی، شیوہر، مدھوبنی، سپول اور ارریہ سمیت کئی اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔