کشمیر: ضلع شوپیاں کے مختلف علاقوں سے 7 جنگجو اعانت کار گرفتار، اسلحہ بر آمد، پولیس ترجمان

جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے مختلف علاقوں سے چھاپوں کے دوران حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ 7 جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے

کشمیر تصادم / یو این آئی
کشمیر تصادم / یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے مختلف علاقوں سے چھاپوں کے دوران حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ 7 جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے ہفتے کے روز بتایا کہ مصدقہ اطلاع پر پولیس نے ضلع شوپیاں کے داچھی پورہ، میمنڈر اور وہیل علاقوں میں شبانہ چھاپوں کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ 7 جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ چھاپے 5 اور 6 مارچ کی درمیانی شب مارے گئے اور گرفتار شدگان سے دو ہینڈ گرینیڈ اور کچھ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔


گرفتار شدگان کی شناخت سمیع اللہ چوپان ولد فاروق احمد چوپان ساکن میمنڈر، ہلال احمد وانی ولد محمد امین وانی، رمیض احمد وانی ولد مظفر احمد وانی،روف احمد وانی ولد عبدالرشید وانی، زاہد احمد وانی ولد بشیر احمد وانی ساکنان داچھی پورہ، فیضان احمد خان ولد محمد یوسف خان اور شاہد احمد راتھر ولد محمد اقبال راتھر ساکنان وہیل کے بطور ہوئی ہے۔ موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔