ہندوستان میں آئندہ 5 سالوں کے دوران توانائی شعبہ میں 67 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی: پی ایم مودی

گوا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستانی معیشت 7.5 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے، ہندوستان دنیا کی سب سے تیز ترقی کرنے والی معیشت ہے اور ہم اسی رفتار سے آگے بڑھیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم نریندر مودی، تصویر یو این آئی</p></div>

وزیر اعظم نریندر مودی، تصویر یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس وقت گوا دورہ پر ہیں۔ وہاں منگل کے روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں آئندہ پانچ سے چھ سالوں کے دوران توانائی شعبہ میں تقریباً 67 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے عالمی سرمایہ کاروں کو ہندوستان کی ترقی کی داستان کا حصہ بننے کے لیے مدعو بھی کیا۔

6 فروری کو پی ایم مودی نے گوا میں انڈیا انرجی ویک کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد اپنی تقریر کے دوران انھوں نے کہا کہ ’’ہندوستانی معیشت 7.5 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے۔ ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھنے والی معیشت ہے اور حال ہی میں آئی ایم ایف نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ ہم اسی رفتار سے آگے بڑھیں گے۔ ملک جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔‘‘ وزیر اعظم نے اس دوران عالمی کپنیوں کو ہندوستان کے توانائی شعبہ کی ترقی کا حصہ بننے کے لیے مدعو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کو 2030 تک اپنی ریفائننگ صلاحیت 254 ایم ایم ٹی پی اے (ملین میٹرک ٹن سالانہ) سے بڑھا کر 450 ایم ایم ٹی پی اے کرنے کی امید ہے۔‘‘


وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں توانائی شعبہ میں سرمایہ کاری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان توانائی سیکٹر میں غیر معمولی سرمایہ کاری کر رہا ہے، جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ آئندہ پانچ چھ سالوں میں ہندوستان میں توانائی سیکٹر میں 67 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہونے جا رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بڑھتی توانائی ضرورتوں کے درمیان ہندوستان میں سبھی کو سستی توانائی مہیا کرائی جا رہی ہے۔ ہندوستان ایسا ملک ہے جہاں کئی عالمی حادثات کے باوجود گزشتہ دو سالوں سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔