2022 میں شروع ہو جائے گی 5جی خدمات، کئی شہروں کو ملے گی سوغات
5جی نیٹورک کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہندوستانیوں کے لیے پیر کے روز حکومت کی طرف سے اچھی خبر سامنے آئی، 5جی ٹیسٹ پروجیکٹ اپنے آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔
5 جی نیٹورک کا ہندوستانی باشندے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس تعلق سے حکومت نے پیر کے روز اہم جانکاری دی۔ وزارت برائے اطلاعات و نشریات کی طرف سے بتایا گیا کہ ملک میں ڈی او ٹی کے ذریعہ چلایا جا رہا سودیشی 5جی ٹیسٹ پروجیکٹ اپنے آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے اور 2022 میں ملک کے اہم شہروں میں 5 جی خدمات شروع ہو جائیں گی۔ محکمہ ٹیلی مواصلات کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 2022 میں ملک میں 5جی نیٹورک کو صارفین کے لیے شروع کر دیا جائے گا۔ حالانکہ پہلے یہ سہولت دہلی، ممبی، چنئی، کولکاتا، گروگرام، بنگلورو، چنڈی گڑھ، جام نگر، احمد آباد، حیدر آباد، لکھنؤ، پونے اور گاندھی نگر جیسے بڑے شہروں میں شروع ہوگی۔ ملک کے دیگر شہروں کو اس کے لیے تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ فی الحال انہی شہروں میں ائیرٹیل، ریلائنس جیو اور ووڈافون آئیڈیا 5جی نیٹورک کو لے کر ٹیسٹنگ کر رہا ہے اور حکومت انہی میٹرو پولیٹن شہروں اور دیگر بڑے شہروں میں اگلے سال سے ملک میں 5جی خدمات کو شروع کرنے جا رہی ہے۔ محکمہ ٹیلی مواصلات کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق آئی آئی ٹی بامبے، آئی آئی ٹی دہلی، آئی آئی ٹی حیدر آباد، آئی آئی ٹی مدراس، آئی آئی ٹی کانپور، آئی آئی ایس سی بنگلور سمیت 8 سرگرم ایجنسیاں اسے لے کر 36 مہینوں سے کام کر رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 224 کروڑ روپے کی لاگت والے اس پروجیکٹ کے 31 دسمبر 2021 تک پورا ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطبق 5جی کے نئے اسپیکٹرم کی نیلامی آئندہ سال مارچ یا اپریل میں ہو سکتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ خودکفیل ہندوستان پہل کے تحت حکومت ٹیلی مواصلات شعبہ میں موجودہ اور مستقبل کی ٹیکنالوجی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے حوصلہ افزائی بھی کر رہی ہے۔ ملک میں 5جی، آئندہ 6جی، اور کوانٹم کمیونکیشنز وغیرہ کے ساتھ ساتھ آئندہ نسل کی مواصلاتی ٹیکنالوجی کو لے کر بھی کئی طرح کی پیش قدمیاں جاری ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔