کیرانہ میں 54 فیصد اور نورپور میں 61 فیصد ووٹنگ
کیرانہ انتخاب کے لئے دیر شام تک بوتھوں پر ووٹروں کی قطار نظر آئیں۔ کیرانہ کے رکن اسمبلی اور تبسم حسن کے صاحبزادے ناہید منور حسن نے لوگوں کے پر جوش ہو کر ووٹنگ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
شاملی/بجنور: الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) خراب ہونے اور تشدد کے اکا دکا واقعات کے درمیان اترپردیش میں کیرانہ لوک سبھا کے لیے ہونے والے ضمنی انتخابات میں آج تقریبا 54 فیصد پولنگ ہوئی جبکہ نورپور اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخابات میں تقریبا 61 فیصد ووٹ پڑے۔
الیکشن کمیشن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کیرانہ لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخابات میں شام پانچ بجے تک کیرانہ اسمبلی پر 55 فیصد، شاملی اسمبلی سیٹ پر 45، تھانہ بھون اسمبلی میں 49، نكڑ اسمبلی سیٹ پر 49.8 اور گنگوہ اسمبلی سیٹ پر کل 47.1 فیصد ووٹنگ کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ کیرانہ لوک سبھا حلقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرگانكا سنگھ اور راشٹریہ لوک دل کی تبسم حسن سمیت 13 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
کئی بوتھوں پر مشینیں خراب ہونے کے سبب پولنگ کا وقت بڑھا دیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق شام 6 بجے تک کیرانہ میں 54.17 اور نورپور میں 61 فیصد پولنگ درج کی گئی۔ 2014 میں کیرانہ میں 73.05 فیصد جبکہ نورپور میں 66.82 فیصد پولنگ درج کی گئی۔
کیرانہ انتخاب کے لئے دیر شام تک بوتھوں پر ووٹروں کی قطار نظر آئیں۔ کیرانہ کے رکن اسمبلی اور تبسم حسن کے صاحبزادے ناہید منور حسن نے لوگوں کے پر جوش ہو کر ووٹنگ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
متحدہ اپوزیشن کی طرف سے راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کی امیدوار تبسم حسن نے ضمنی انتخابات میں ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشينوں کو خراب کر کے ووٹروں کو پولنگ سے محروم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اس کی شکایت کی۔ تبسم حسن نے الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی شکایت میں کہا کہ شاملی میں 48 بوتھوں پر ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشین جان بوجھ کر خراب کی گئیں، وہیں کیرانہ میں 13، تھانہ بھون میں آٹھ، گنگوہ میں 48، نكڑ کے 37 بوتھوں پر ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشینیں خراب رہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاملے کی شکایت اعلی افسران سے کرنے کے باوجود مشینوں کو ٹھیک کرانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ انہوں نے حکام پر جان بوجھ کر ووٹروں کو پولنگ سے محروم کرنے کے بھی الزامات لگائے۔
کیرانہ ضمنی انتخاب کی تصویری جھلکیاں
نورپور اسمبلی حلقہ میں متعدد بوتھوں پر ای وی ایم خراب ہونے سے پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔ نورپور میں اہم مقابلہ بی جے پی کی اونی سنگھ اور اتحادی امیدوار نعیم الحسن کے درمیان مانا جا رہا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ پرمود کمار پانڈے نے بتایا کہ درجہ حرارت کی وجہ سے ای وی ایم مشینوں میں لگی وی وی پیٹ مشینیں کام نہیں کر سکیں۔ 20 سے 40 فیصد مشینوں کو بدلا گیا یا پھر ٹھیک کیا گیا۔ انہوں بتایا کہ جہاں سے ای وی ایم مشینوں میں خرابی کی شکایت ملیں، انہيں انجینئروں اور ایس ڈی ایم آفیسر کی نگرانی میں ٹھیک کرایا گیا یا پھر بدلا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 May 2018, 8:50 AM