چرواہے کے کورونا پازیٹو پائے جانے پر 50 بھیڑ بکریوں کو کیا گیا کوارنٹائن
بتایا جا رہا ہے کہ جانوروں کو گزشتہ کئی دنوں سے سانس لینے میں دقت ہو رہی تھی جس کو دیکھتے ہوئے ان کا کورونا ٹیسٹ کرائے جانے کا فیصلہ کیا گیا اور کچھ جانوروں کا سیمپل لے کر لیب بھیجا گیا ہے۔
عالمی وبا کورونا کے بڑھتے خطرات کے درمیان کرناٹک میں ایک عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا ہے۔ تمکورو نامی گاؤں میں ایک شخص کورونا پازیٹو پایا گیا ہے جو دراصل ایک چرواہا ہے۔ اس چرواہے کے کورونا پازیٹو ہونے کے بعد حیرت انگیز طور پر تقریباً 50 بھیڑ بکریوں کو کوارنٹائن کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جانوروں کو گزشتہ کئی دنوں سے سانس لینے میں دقت ہو رہی تھی جس کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے۔ اس خبر سے جہاں لوگوں میں حیرانی ہے وہیں مقامی افراد میں ایک خوف کا عالم بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
اس سلسلے میں ہندی نیوز پورٹل 'اے بی پی' پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز پرسنل پروٹیکٹو ایکوئپمنٹ (پی پی ای) پہنے ہوئے محکمہ مویشی پروری کے افسران کھیت میں پہنچے اور کورونا ٹیسٹ کے لیے جانوروں کے سیمپل لیے گئے۔ افسران کا کہنا ہے کہ ابھی تک جانوروں میں کورونا انفیکشن کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے، حالانکہ انھوں نے جانوروں کے نمونے لے لیے ہیں اور ان کو کورونا ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
اس درمیان تمکور مویشی پروری محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے جی نندیش نے بتایا کہ بھیڑ و بکریوں کو سانس لینے میں دقت ہو رہی تھی، لیکن موجودہ موسم کے حساب سے یہ مسئلہ عام ہے۔ جانوروں میں کورونا وائرس پھیلنے کا امکان صفر ہے کیونکہ آج تک ایسا کوئی معاملہ ریکارڈ میں نہیں آیا ہے۔ اس کے باوجود چونکہ چرواہا پازیٹو پایا گیا ہے اور جانوروں کو سانس لینے میں دقت ہو رہی ہے، اس لیے ہم نے کچھ جانوروں کے سیمپل لے لیے ہیں اور انھیں کورونا ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔