پی این بی مہاگھوٹالہ کے 50 دن مکمل، لیکن چھوٹا مودی اب بھی آزاد

بینکنگ سیکٹر کے سب سے بڑے گھوٹالہ کے 50 دن مکمل ہونے پر کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور سوال کیا ہے کہ وہ آخر کب بولیں گے؟

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

پی این بی مہاگھوٹالہ کے اہم ملزم نیرو مودی سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ابھی تک ایک بھی لفظ نہ بولے جانے پر کانگریس پارٹی نے ایک بار پھر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’چھوٹا مودی گھوٹالہ کا پردہ فاش ہوئے آج ’ہاف سنچری‘ مکمل ہو گئی۔ پچاس دن ہو چکے ہیں جب ہندوستان کے سب سے بڑے بینکنگ گھوٹالہ نے ہندوستان کو ہلا کر رکھ دیا تھا، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے ابھی تک ایک لفظ بھی نہیں بولا۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے یہ سوال بھی قائم کیا ہے کہ آخر وزیر اعظم نریندر مودی اس معاملے پر کب اپنی زبان کھولیں گے؟

قابل ذکر ہے کہ نیرو مودی کے ذریعہ بینکوں کو لگائے گئے چونے اور پھر ملک سے فرار ہو جانے کی چہار جانب تنقید ہوئی اور میڈیا میں مرکزی حکومت کو بھی نشانہ بنایا گیا اور وزیر اعظم نریندر مودی و مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی کے سامنے کئی سوالات قائم کیے گئے۔ اس کے باوجود نریندر مودی نے ابھی تک اس معاملے میں ایک بھی لفظ نہیں بولا جس کے بعد اپوزیشن پارٹیاں انھیں لگاتار تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہیں۔ پی این بی مہاگھوٹالہ کا انکشاف ہوئے پچاس دن ہو چکے ہیں اور اس درمیان نیرو مودی کے کئی دیگر گھوٹالے سے بھی پردہ اٹھ گیا ہے اور کانگریس بار بار وزیر اعظم سے یہ سوال کرتی رہی ہے کہ ساری معلومات ہونے کے باوجود چھوٹے مودی کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔ حالانکہ مرکزی وزیر مالیات اور حکومت میں شامل کچھ دیگر وزراء کی جانب سے وقتاً فوقتاً چھوٹے مودی کے خلاف کارروائی کیے جانے کا بھروسہ دلا کر وزیر اعظم کا دفاع کیا جاتا رہا لیکن ہنوز وہ گرفت سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ نیرو مودی کی حقیقت سے پہلی بار پردہ 14 فروری 2018 کو اس وقت اٹھا جب سی بی آئی نے پہلی ایف آئی آر درج کی۔ اس وقت پی این بی نے ’سیبی‘ اور ’بامبے اسٹاک ایکسچینج‘ کو 11421 کروڑ روپے کے گھوٹالے کی جانکاری دی تھی۔ گھوٹالہ ممبئی کے بریڈی ہاؤس برانچ میں ہوا۔ دی گئی جانکاری کے مطابق 2018 کے اوائل تک ہزاروں کروڑ کی رقم 297 فرضی لیٹر آف انڈرٹیکنگ کے ذریعہ بیرون ملک اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کی گئی۔

اس کے کچھ ہی دنوں بعد پی این بی نے سی بی آئی کو بینک میں 1300 کروڑ کے نئے دھوکے کی جانکاری دی۔ یہ میہل چوکسی کی کمپنی گیتانجلی جیمس سے جڑا ہوا معاملہ تھا۔ اس طرح پی این بی گھوٹالہ 11421 سے بڑھ کر 12672 کروڑ کا ہو گیا۔ لیکن بعد میں مزید کئی گھوٹالوں کا پردہ فاش ہوا اور کچھ میڈیا رپورٹس کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق یہ گھوٹالہ اس سے کہیں زیادہ کا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔