اب فرخ آباد میں موت کا قہر ، 49 بچے ہلاک، ڈاکٹر ہڑتال پر

Getty Images
Getty Images
user

قومی آواز بیورو

فرخ آباد: گورکھپور کے بعد اب فرخ آباد میں انتظامی لاپروائی کے سبب بچوں کی اموات کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ موصولہ خبروں کے مطابق فرخ آباد کے رام منوہر لوہیا اسپتال میں آکسیجن اور دوا کی کمی کے سبب 49 بچوں کی موت ہو چکی ہے۔اب حکومت کی کوشش یہ ہے کہ گو رکھپور کے ڈاکٹر کفیل کی طرح فرخ آباد میں بھی ڈاکٹروں پر سارا الزام عائد کر دیا جائے۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد ضلع مجسٹریٹ رویندر کمار نے چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او ) اور چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (سی ایم ایس ) کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی جس کے بعد اسپتال کے ڈاکٹر ہڑتال پر چلے گئے ۔ ذرائع کے مطابق اب ڈاکٹروں پر دباؤ بنایا جا رہا ہے کہ وہ ہڑتال ختم کر دیں ۔ اتر پردیش کے وزیر چیتن چوہان نے اسپتال کا دورا کیا ۔ واضح رہے ضلع انتظامیہ نے اے ڈی ایم اور تحصیلدار پر مشتمل جانچ کے لئے ایک ٹیم تشکیل دے کر جانچ کا حکم دیا تھا۔ اس ٹیم کے ذریعہ جو رپورٹ تیار کی گئی اس میں آکسیجن کی کمی اور انتظامی لاپروائی کھل کر سامنے آ گئی۔

اب فرخ آباد میں موت کا قہر ، 49 بچے ہلاک، ڈاکٹر ہڑتال پر

جانچ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسپتال میں ہوئیں اموات کی وجہ آکسیجن اور دواؤں کی کمی کے ساتھ ساتھ لاپروائی بھی ہے۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر فرخ آباد کوتوالی میں سی ایم او اور رام منوہر لوہیا اسپتال کے سی ایم ایس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کے خلاف بھی دفعہ 176، 188 اور 304 جیسی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں آکسیجن اور دوائی کی کمی کے ساتھ ساتھ انتظامی لاپروائی کے سبب گزشتہ مہینے تقریباً 300 اموات ہوئیں اور اس سال اَب تک 1250 اموات ہو چکی ہیں۔ اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد یوگی حکومت ایک بار پھرکٹہرے میں کھڑی ہو گئی۔ اب جب کہ فرخ آباد میں بھی انتظامی لاپروائی کی وجہ سے بچوں کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے، اتر پردیش حکومت کی نااہلی صاف طور پرعیاں ہو گئی ہے۔ ریاست میں محکمہ صحت کی کارکردگی سے عوام فکر مند ہے اور سوال یہ بھی اٹھ رہا ہے کہ ریاست کے دیگر بڑے سرکاری اسپتالوں میں بھی کیا یہی حالات ہیں۔ اس کا جواب تو اسی وقت مل سکتا ہے جب سبھی اسپتالوں کی جانچ کرائی جائے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یوگی حکومت کی قلعی کھل جائے گی۔ واضح رہے 20 جولائی سے 21 اگست کے درمیان ہوئی 49 بچوں کی موت میں 19 کی دورانِ حمل اور 30 کی نیو بورن کیئر یونٹ میں علاج کے دوران ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Sep 2017, 12:27 PM