کورونا کا خوف: وباء پر قابو کے بعد بھی چالیس فیصد افراد کی ’فضائی سفر‘ سے توبہ!

ہوائی سفر کر چکے لوگوں کے درمیان کرائے گئے اس سروے میں 4 فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ہوائی سفر بالکل بھی نہیں کریں گے۔ 8 فیصد نے کم از کم ایک سال تک اور 28 فیصد نے 6 ماہ تک انتظار کرنے کی بات کہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جنیوا / نئی دہلی: کورونا وائرس ’ كووڈ -19‘ سے لوگ اس قدر ڈرے ہوئے ہیں کہ 40 فیصد لوگوں نے کہا ہے کہ وہ کورونا وبا کے کنٹرول ہونے کے بعد بھی کم از کم چھ ماہ تک ہوائی سفر نہیں کریں گے۔ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے پیر کو جاری سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے۔


اس میں حصہ لینے والے صرف 14 فیصد لوگوں نے کہا ہے کہ وہ ہوائی سفر کے لئے انتظار نہیں کریں گے۔ وہیں تقریباََ 46 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ ایک یا دو ماہ انتظار کرنے کے بعد ہی ہوائی سفر کرنا پسند کریں گے۔ بقیہ 40 فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ چھ ماہ یا اس سے بھی زیادہ انتظار کرنے کے بعد ہی اس کے بارے میں سوچیں گے۔

پہلے ہوائی سفر کر چکے لوگوں کے درمیان کرائے گئے اس سروے میں چار فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ آگے ہوائی سفر بالکل بھی نہیں کریں گے۔ آٹھ فیصد نے کم از کم ایک سال تک اور 28 فیصد نے چھ ماہ تک انتظار کرنے کی بات کہی ہے۔ لوگوں نے مالی تنگی کی وجہ سے بھی اس وقت سفر نہ کرنے کے اشارے دیئے ہیں ۔


سروے میں 69 فیصد لوگوں نے کہا کہ جب تک ان کی ذاتی مالی حالت مستحکم نہیں ہو جاتی وہ ہوائی سفر ٹال دیں گے۔ آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر الیگزینڈر ڈی نے کہا کہ وبا کے کنٹرول ہونے کے باوجود مسافروں کے اعتماد کو دوہرا دھچکا لگے گا۔ ایک طرف اقتصادی کساد بازاری کو لے کر ان کی مالی تشویش ہوگی تو دوسری طرف صحت کی سیکورٹی کے تعلق سے بھی ان کے ذہن میں شک و شبہات ہوں گے۔ حکومت اور ہوا بازی صنعت کے لیے ساتھ مل کر مسافروں کا اعتماد قائم کرنے کے لئے کام کرنا ہو گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Apr 2020, 8:00 PM