شیو راج حکومت میں یونیورسٹی طالبات کو کیا گیا ننگا

مدھیہ پردیش کے ساگر میں ڈاکٹر ہری سنگھ گور یونیورسٹی کی 40 طالبات نے ہاسٹل وارڈن پر کپڑے اتروا کر چیکنگ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

شیوراج حکومت میں طالبات کے ساتھ شرمناک حرکت کرنے کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد ایک بار پھر بی جے پی حکمراں مدھیہ پردیش کی شبیہ کو دھچکا پہنچا ہے۔ مدھیہ پردیش کے ساگر میں ڈاکٹر ہری سنگھ گور یونیورسٹی کے ہاسٹل میں چیکنگ کے نام پر 40 طالبات کے کپڑے اتروانے کا شرمناک معاملہ سامنے آیا ہے۔ طالبات نے ہاسٹل وارڈن پر کپڑے اتروا کر چیکنگ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ طالبات کے مطابق ہاسٹل میں استعمال کیا گیا سینٹری نیپکن ملا تھا جس کے بعد ہاسٹل وارڈن نے طالبات کے کپڑے اتروا کر تلاشی لی۔

ہاسٹل احاطہ میں استعمال کیا ہوا نیپکن ملنے سے وارڈن کافی غصے میں تھی اور سبھی سے اس کے بارے میں پوچھ رہی تھی۔ جب انھیں اس کا جواب نہیں مل سکا تو یہ پتہ کرنے کے لیے کہ کس نے گندا نیپکن پھینکا ہے، وارڈن نے طالبات کی تلاشی لینی شروع کر دی۔ تلاشی کے دوران وارڈن نے طالبات کے کپڑے تک اتروا لیے۔

اس معاملے میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر آر پی تیواری نے افسوس ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں اس واقعہ کو افسوسناک اور قابل تنقید بتایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’طالبات میری بیٹیوں کی طرح ہیں اور میں ان سے اس عمل کے لیے معافی مانگتا ہوں۔‘‘

یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے اس سلسلے میں مزید کہا کہ ’’میں نے سبھی طالبات کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے میں کارروائی کی جائے گی اور اگر وارڈن کو قصوروار پایا گیا تو ان کے خلاف کارروائی بھی ہوگی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔