امسال اب تک سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں 40 غیر ملکی ملی ٹینٹ مارے گئے: پولیس سربراہ

دلباغ سنگھ نے بتایا کہ ’غیر ملکی ملی ٹینٹوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

دلباغ سنگھ، تصویر یو این آئی
دلباغ سنگھ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے اتوار کے روز کہا کہ وادی کشمیر میں سرگرم غیر ملکی ملی ٹینٹوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر نئی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امسال سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں کے دوران 40غیر ملکی ملی ٹینٹ مارے گئے۔ اُن کے مطابق مقامی نوجوانوں کی ملی ٹینٹ صفوں میں شمولیت کے رجحان میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔

دلباغ سنگھ نے کہا کہ وادی کشمیر میں ملی ٹینسی کا قلع قمع کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’غیر ملکی ملی ٹینٹوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ‘اُن کے مطابق امسال40غیر ملکی ملی ٹینٹ مارے گئے جبکہ اب مزید کچھ باقی رہ گئے ہیں جنہیں بہت جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں جتنے بھی ملی ٹینٹ سرگرم ہیں اُن پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہیں۔ دلباغ سنگھ نے کہاکہ سرگرم ملی ٹینٹوں کو بہت جلد مار گرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں جتنی بھی ملی ٹینٹ تنظیمیں ہیں اُن میں لیڈر شپ کا فقدان ہے۔ اُن کے مطابق غیر ملکی ملی ٹینٹوں کی ہلاکت سے مقامی نوجوانوں کی ملی ٹنٹ تنظیموں میں شمولیت کے رجحان میں بھی غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔

سنگباری کے واقعات میں کمی واقع ہونے کے بارے میں پولیس سربراہ نے کہا کہ اس کا کریڈٹ وادی کشمیر کے لوگوں خاص کر نوجوانوں کو جاتا ہے جنہوں نے اب تشدد کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوان اب اپنا مستقبل سنوارنے میں لگے ہوئے ہیں۔ دلباغ سنگھ نے دعویٰ کیا کہ وادی کشمیر میں خشت باری اب قصبہ پارینہ بن کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران ملی ٹینٹ ریکروٹمنٹ لگ بھگ صفر تک پہنچ گئی ہے۔


آئی ای ڈی حملوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہا کہ یہ ملی ٹنٹوں کی نئی حکمت عملی ہے تاکہ سیکورٹی فورسز کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی آئی ای ڈیز کو جموں میں ضبط کیا گیا جنہیں ڈرون کے ذریعے اس طرف پھینکا گیا۔ اُن کے مطابق اُدھم پور میں کچھ آئی ای ڈی دھماکے ہوئے جس دوران چند افراد کی جان بھی ضائع ہوئیں۔

دراندازی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں دلباغ سنگھ نے کہاکہ پچھلے برسوں کے مقابلے میں امسال دراندازی کے واقعات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ کچھ ایک ملی ٹینٹ دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے لیکن مجموعی طورپر سرحدوں پر حالات پوری طرح سے قابو میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اب موسم تبدیل ہو رہا ہے لہذا اُس پار بیٹھے ملک دشمن عناصر ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔


ٹارگیٹ کلنگ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ڈی جی پی نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں دراصل وادی میں پُرامن ماحول کو خراب کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے پرانے تانے بانے کو نقصان پہنچانے کے لئے کی جا رہی ہیں۔ اُن کے مطابق اس طرح کی کارروائیوں کا ایک بڑا مقصد ملک کے لوگوں کو کشمیریوں کے خلاف اکسانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں ہندوستانی شہریوں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے سمجھدارانہ برتاؤ کیا اور ملی ٹینسی کی حمایت کرنے والی ایجنسیوں کے بہکاوے میں نہیں آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔