’منی پور میں پھر 4 لوگوں کا قتل ہو گیا، لیکن پی ایم مودی کو فرق نہیں پڑتا‘، کانگریس کا مودی حکومت پر حملہ
منی پور میں گزشتہ 8 مہینے سے تشدد والے حالات دیکھنے کو مل رہے ہیں، لگاتار لوگوں کی اموات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں لیکن وزیر اعظم مودی کے ذریعہ اس معاملہ میں بیان نہ دینے کے سبب کانگریس حملہ آور ہے۔
منی پور میں تشدد ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ حالات پہلے سے کچھ بہتر ضرور ہیں، لیکن ہر کچھ دن میں تشدد و تصادم کے واقعات ضرور سامنے آ جاتے ہیں۔ تازہ ترین خبروں سے پتہ چل رہا ہے کہ ایک بار پھر منی پور میں 4 لوگوں کا بہیمانہ قتل کر دیا گیا ہے۔ کچھ دنوں پہلے بھی 4 لوگوں کی موت منی پور میں ہو گئی تھی اور اب تازہ واقعہ کے بعد کانگریس نے ایک بار پھر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے وزیر اعظم مودی کے اس پورے معاملے میں خاموش رہنے پر حیرانی بھی ظاہر کی ہے۔
کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’منی پور میں 8 ماہ سے تشدد جاری ہے۔ آج ایک بار پھر سے 4 لوگوں کا بہیمانہ قتل کر دی اگیا۔ گزشتہ 11 دنوں میں منی پور میں 8 لوگوں کا قتل کیا جا چکا ہے۔ منی پور تشدد اور نفرت کی آگ میں جل رہا ہے۔ ہمارے ملک کے شہری مارے جا رہے ہیں اور پی ایم مودی کو اس سے فرق نہیں پڑتا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ منی پور میں مشتبہ شورش پسندوں نے ایک گاؤں میں چار لوگوں کا قتل کر دیا ہے۔ بدھ کے روز یہ چار افراد لاپتہ تھے، لیکن جمعرات کو سبھی لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ ’این ڈی ٹی وی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ان لووں کا قتل چوڑاچاندپور-بشنوپور ضلع کی سرحد پر ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے حوالے سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ سبھی لکڑی لینے گئے تھے اور اندیشہ ہے کہ غلطی سے بفر زون پار کر گئے ہوں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہلوکین میں دو باپ اور بیٹا ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔