جھارکھنڈ: جے جے ایم پی کے چار ماؤنواز گرفتار
جھارکھنڈ کے ضلع پلامومیں ماؤنوازوں کو گرفتارکرنے کے لیے چلائی جارہی مہم کے تحت پولس نےممنوعہ تنظیم جھارکھنڈ جن مکتی پریشد (جے جے ایم پی) کے چار ماؤنوازوں کو گرفتارکرلیا۔
ڈالٹن گنج: جھارکھنڈ کے ضلع پلامو میں ماؤ نوازوں کو گرفتارکرنے کے لئے چلائی جارہی مہم کے تحت پولس نےممنوعہ تنظیم جھارکھنڈ جن مکتی پریشد (جے جے ایم پی) کے چار ماؤنواز افراد کو گرفتار کر لیا۔
حسین آباد کے سب ڈیویژن پولس افسر منوج کمار مہتو نے بتایا کہ گذشتہ دیر رات اطلاع ملی تھی کہ جے جے ایم پی ماؤنواز سونو پاسوان کی قیادت میں کچھ ماؤنواز حسین آباد تھانہ حلقے کے ہیرا سکنی اورجوجھار سکنی کے درمیان پکھروڑیا نالا کے پاس ایک بڑے وارادت کو انجام دینے والے ہیں۔ اس بنیاد پر ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولس کو دیکھتے ہی ان لوگوں نے فرار ہونے کی کوشش کی حالانکہ پولس نے تعاقب کرکے چار افراد کو پکڑ لیا، جبکہ ایک اندھیرے کی وجہ سے بھاگنے میں کامیاب رہا۔
سب ڈیویژن پولس افسر منوج کمار مہتو نے بتایا کہ گرفتار افراد کی شناخت سونو پاسوان، چھوٹن رجوار، رام جیت پاسوان عرف داروغہ اور مُنو پاسوان کے طور پر کی گئی ہے۔ مفرور پانچوے ماؤنواز کی شناخت ہیرا سکنی کے باشندے ببلو پرجاپتی کے طور پر ہو ئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تلاشی کے دوران ماؤنوازوں کے پاس سے ایک بندوق، ایک بھرا ہوا کٹّا، کچھ کارتوس اور دو رائفل برآمد کیے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل حسین آباد علاقے سے ہی آٹھ جنوری کو بھی جے جے ایم پی کے نام پر رنگ داری وصولنے والے تین ملزمین کو گرفتار کیا گیا تھا۔پولس نے ان کے پاس سے کئی ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔