شوپیاں تصادم میں 4 ملی ٹینٹ ہلاک، گزشتہ 4 دنوں میں 13 ملی ٹینٹ کی ہوئی موت
بدھ کے روز ضلع شوپیاں میں فورس کے ذریعہ چلایا گیا آپریشن گزشتہ چار دنوں کے دوران چلایا جانے والا تیسرا اینٹی ملی ٹینٹ آپریشن تھا۔ آج کے تصادم میں 4 ملی ٹینٹ ہلاک ہو چکے ہیں۔
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے سگھو ہندہامہ میں بدھ کی صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں 4 ملی ٹینٹس کے ہلاک ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ پہلے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ 3 ملی ٹینٹس مارے گئے ہیں، لیکن کچھ میڈیا ذرائع نے چوتھے ملی ٹینٹ کی ہلاکت کی خبریں بھی دی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 4 دنوں میں شوپیاں میں ملی ٹینٹس اور پولس کے درمیان ہوئے تصادم کے سبب مجموعی طور پر 13 ملی ٹینٹس مارے گئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بدھ کے روز ضلع شوپیاں میں فورس کے ذریعہ چلایا گیا آپریشن گزشتہ چار دنوں کے دوران چلایا جانے والا تیسرا اینٹی ملی ٹینٹ آپریشن تھا جس میں 4 ملی ٹینٹ ہلاک ہو چکے ہیں۔ قبل ازیں 7 اور 8 جون کو بالترتیب ربن اور پنجورہ نامی علاقوں میں 9 ملی تینٹ مارے گئے تھے۔
جموں وکشمیر پولس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے سگھو ہندہامہ میں بدھ کی علی الصبح چھڑنے والا مسلح تصادم 4 ملی ٹینٹس کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوکین کی شناخت معلوم کی جارہی ہے نیز مسلح تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولس کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے سگھو ہندہامہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات قریب پونے دو بجے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی علی الصبح قریب ساڑھے پانچ بجے طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جو 4 ملی ٹینٹس کی ہلاکت پر رک گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ہندوستان میں کورونا انفیکشن سے پہلے عوامی نمائندہ کی موت
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں پولس، فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے گزشتہ رات دیر گئے سگھو ہندہامہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود ملی ٹینٹس نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ قریب تین گھنٹوں تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں 4 ملی ٹینٹس مارے گئے جن کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔