گجرات کی ماہی ساگر ندی میں نہاتے وقت ایک ہی کنبہ کے 4 افراد غرقاب، مہلوکین میں 2 خواتین بھی شامل
مقامی پولیس نے بتایا کہ گامڈی گاؤں میں ایک ہی کنبہ کے 4 اراکین گھومنے کے لیے آئے تھے، جب وہ ندی میں غسل کر رہے تھے تبھی کنبہ کا ایک رکن ڈوبنے لگا اور اسے بچانے کی کوشش میں باقی تینوں بھی ڈوب گئے۔
گجرات کی ایک ندی میں 4 افراد کی ڈوبنے سے موت ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کے آنند ضلع واقع ماہی ساگر ندی میں غسل کرتے وقت ایک ہی کنبہ کے 4 افراد غرقاب ہو گئے۔ مہلوکین میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ اس حادثہ کی جانکاری آنند ضلع پولیس کے ذریعہ دی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ جمعرات کی شام پیش آیا جب خان پور گاؤں کے باہری علاقے میں سیر و سیاحت کے لیے ایک کنبہ پہنچا تھا۔ دراصل گرمی کے موسم میں سیاحت کے لحاظ سے ماہی ساگر ندی کا علاقہ لوگوں کو بہت پسند آتا ہے۔ اس ندی میں لوگ غسل کرتے ہیں اور ندی کنارے بیٹھ کر گھنٹوں گزارتے ہیں۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ گامڈی گاؤں میں ایک ہی کنبہ کے 4 اراکین گھومنے کے لیے پہنچے تھے۔ جب وہ ندی میں غسل کر رہے تھے تبھی کنبہ کا ایک رکن ڈوبنے لگا، جسے بچانے کے لیے باقی تینوں بھی گہرے پانی میں چلے گئے اور سبھی تیز بہاؤ میں بہہ گئے۔ واقعہ کی جانکاری ملنے پر مقامی لوگ وہاں پہنچے، لیکن تب تک بہت تاخیر ہو چکی تھی اور صرف ان کی لاشیں ہی برآمد کی جا سکیں۔ مہلوکیکن کی شناخت سریش واگھیلا، پرکاش واگھیلا، ویسوبین سولنکی اور جیوتی واگھیلا کی شکل میں ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔