جنوبی کشمیر میں 4 پولس اہلکاروں کا اغوا، تین کی لاشیں برآمد
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع شوپياں کے كاپران گاؤں میں ملی ٹینٹوں نے ایک کانسٹیبل اور تین ایس پی او کے گھر میں گھس کر ان کا اغوا کر لیا۔
سرینگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ملی ٹینٹوں نے جموں کشمیر پولیس کے ایک کانسٹیبل اور تین خصوصی پولیس اہلکاروں (ایس پی او) کا اغوا کر لیا۔ تازہ اطلاعات کے مطابق تین کی لاشیں برآمد ہو گئی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع شوپياں کے كاپران گاؤں میں ملی ٹینٹوں نے ایک کانسٹیبل اور تین ایس پی او کے گھر میں گھس کر ان کا اغوا کر لیا۔
خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق اغوا کئے گئے تین پولس اہلکاروں کی لاشیں برآد ہو گئی ہیں۔
اغوا کئے گئے اہلکاروں کی پہچان فردوس احمد اور ایس پی او کلدیپ سنگھ، نثار احمد دھوبی اور فیاض احمد بٹ کے طور پر کی گئی ہے۔ ان کی تلاش کے لئے سیکورٹی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی ہوئی تھی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق فیاض احمد بٹ گھر واپس لوٹ آئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی ملی ٹینٹ کئی مرتبہ پولس اہلکاروں کا اغوا کر چکے ہیں اور کئی اہلاکروں کا قتل بھی کیا جا چکا ہے۔ حال ہی میں پولس اہلکاروں کے خاندانوں کے 10 افراد کا بھی اغوا کر لیا گیا تھا حالانکہ بعد میں انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔ ملی ٹینٹوں کا کہنا تھا کہ پولس نے ان کے اہلخانہ کو گرفتار کیا ہوا ہے انہیں چھوڑ دیا جائے۔
دریں اثنا جمعرات کو جموں کشمیر کے باندیپورہ میں فوج اور ملی ٹینٹوں کے درمیان مسلح تصادم جس میں ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوا گیا۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Sep 2018, 10:41 AM