پاکستان سے ٹڈی دل ہندوستان میں داخل، 12 گھنٹوں میں خاتمہ

تمام ٹیموں کو جراثیم کش ادویات کی مناسب مقدار مہیا کروائی گئی۔ ٹڈی دل کو قابو کرنے کے لئے بومر اسپرے، ٹریکٹر پر نصب اعلی رفتار اسپرے اور فائر بریگیڈ گاڑیوں کا استعمال کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: پاکستان سے متصل پنجاب کے سرحدی اضلاع میں سے ضلع فاضلکہ کے بعض گاؤں میں پہنچی ٹڈیوں کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں ٹڈی دل کے حملے میں کھیتی کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اعلی کی ہدایات پر فنانشل کمشنر ویشو جیت کھنہ کی رہنما ہدایت پر روپ نگر اور بریكا گاؤں میں بارہ گھنٹے مہم چلا کر ٹڈیوں کا خاتمہ کر دیا گیا۔

محکمہ زراعت کے سکریٹری کے ایس پنوں کو ہدایت جاری کی گئی تھی کہ دونوں گاؤں میں ٹڈیوں کے حملے سے نمٹنے کے لئے متاثر کن حکمت عملی تیار کی جائے۔ پنوں نے اتوار کی رات محکمہ زراعت کے حکام کے ساتھ ملاقات کر کے انتباہ جاری کیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ایمرجنسی ڈیوٹی پر تعینات کیا اور محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر اور جوائنٹ ڈائریکٹر کو ضلع فاضلكہ میں ٹڈی دل کے حملے سے متاثر مقامات کا فوری طور پر دورہ کرنے کے لئے کہا۔


ابوهر پہنچنے پر ایگریکلچر ڈائریکٹر نے صبح حکام کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور فاضلکہ کے ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں بی ایس ایف، فائر بریگیڈ، محکمہ زراعت اور باغبانی ، پنجاب ایگریکلچر یونیورسٹی، ضلع فاضلکہ کی سول اور پولیس انتظامیہ کے علاوہ کسانوں کے ساتھ مل کر مشترکہ مہم کے تحت ٹڈی دل کے خاتمے کی کمان سنبھالی۔ تمام ٹیموں کو جراثیم کش ادویات کی مناسب مقدار مہیا کروائی گئی۔ ٹڈی دل کو قابو کرنے کے لئے بومر اسپرے، ٹریکٹر پر نصب اعلی رفتار اسپرے اور فائر بریگیڈ گاڑیوں کا استعمال کیا گیا۔ یہ مہم ٹڈی دل کا خاتمہ کرنے کے ساتھ گزشتہ روز اختتام کو پہنچی۔

واضح رہے کہ کیپٹن امریندر سنگھ راجستھان کی سرحد کے ساتھ متصل جنوبی پنجاب کے ہمسایہ علاقوں میں ٹڈی دل کی جانب سے فصلوں پر حملوں کا معاملہ پہلے ہی وزیر اعظم نریندر مودی سے اٹھا چکے ہیں۔ انہوں نے پی ایم مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ وزارت خارجہ اور اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن کو فوری طور پر پاکستان حکومت کے پاس اس معاملے کو اٹھانے کی ہدایت جاری کریں تاکہ ٹڈی دل ہندوستان میں نہ آ سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔