ہر طرف زہر ہی زہر! دنیا کے سرفہرست 50 آلودہ شہروں میں ہندوستان کے 38 شہر شامل

آئی کیو ایئر کی تازہ رپورٹ میں چاڈ، عراق، پاکستان، بحرین اور بنگلہ دیش دنیا کے آلودہ ترین ممالک ہیں۔ اس فہرست میں ہندوستان آٹھویں مقام پر ہے۔

ماحولیاتی آلودگی، تصویر آئی اے این ایس
ماحولیاتی آلودگی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں بظاہر آلودگی سے نمٹنے کی بھرپور کوشش ہو رہی ہے، لیکن اس کا کوئی مثبت اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ فضا میں زہریلے عناصر دن بہ دن بڑھتے ہوئے ہی معلوم پڑ رہے ہیں۔ ہندوستان کے کئی شہر میں تو سانس لینا دشوار ہو گیا ہے۔ ملک کے فکر انگیز حالات کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا کے 20 سب سے آلودہ شہروں میں ہندوستان کے 14 شہر شامل ہیں۔ آلودہ شہروں کی فہرست میں تھوڑا اور اوپر بڑھنے سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا کے سرفہرست 50 آلودہ شہروں میں ہندوستان کے 38 شہر شامل ہیں۔

یہ فہرست سوئس ایئر کوالیٹی ٹیکنالوجی کمپنی ’آئی کیو ایئر‘ نے جاری کی ہے۔ سالانہ رپورٹ میں آئی کیو ایئر نے بتایا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ آلودہ شہر پاکستان کا لاہور ہے، اور اس کے بعد دوسرے نمبر پر چین کا شہر ہوتان ہے۔ ہندوستان کا شہر بھیونڈی (مہاراشٹر) تیسرے مقام پر ہے۔ یعنی ہندوستان میں بھیونڈی سب سے زیادہ آلودہ شہر ہے۔ آئیے یہاں دیکھتے ہیں 20 سرفہرست آلودہ شہروں کے نام:


(1) لاہور (پاکستان)، (2) ہوتان (چین)، (3) بھیونڈی (ہندوستان)، (4) دہلی (ہندوستان)، (5) پیشاور (پاکستان)، (6) دربھنگہ (ہندوستان)، (7) آسوپور (ہندوستان)، (8) نجمینا (چاڈ)، (9) نئی دہلی (ہندوستان)، (10) پٹنہ (ہندوستان)، (11) غازی آباد (ہندوستان)، (12) دھاروہیڑا (ہندوستان)، (13) بغداد (عراق)، (14) چھپرہ (ہندوستان)، (15) مظفر نگر (ہندوستان)، (16) فیصل آباد (پاکستان)، (17) گریٹر نوئیڈا (ہندوستان)، (18) بہادر گڑھ (ہندوستان)، (19) فرید آباد (ہندوستان)، (20) مظفر پور (ہندوستان)۔

بہرحال، ہوا کے خراب معیار والے ممالک کی فہرست میں ہندوستان نے گزشتہ سال کے مقابلے کچھ بہتری کی ہے۔ آئی کیو ایئر کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال یعنی 2022 کے مقابلے میں ہندوستان نے تین مقام کی بہتری کی ہے۔ تازہ رپورٹ میں چاڈ، عراق، پاکستان، بحرین اور بنگلہ دیش دنیا کے آلودہ ترین ممالک ہیں۔ اس فہرست میں ہندوستان آٹھویں مقام پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔