سری نگر تصادم میں 3 ملی ٹنٹ ہلاک، آپریشن ابھی جاری
اس تصادم سے سری نگر- بارہمولہ شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوا ہے جس کے پیش نظر بارہمولہ، سوپور اور گلمرگ سے سری نگر جانے والی گاڑیوں کو ماگام- بڈگام راستے سے سری نگر روانہ کیا جا رہا ہے۔
سری نگر: سری نگر کے مضافاتی علاقہ لاوے پورہ میں منگل کی شام سے سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان جاری تصادم میں 3 ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے ہیں۔ کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’سری نگر انکاؤانٹر اپ ڈیٹ: مزید دو عدم شناخت ملی ٹنٹ ہلاک، مہلوک ملی ٹنٹوں کی کل تعداد 3، تلاشی آپریشن جاری‘۔
قبل ازیں ذرائع کے مطابق ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 2 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے سری نگر کے مضافاتی علاقہ لاوے پورہ کو منگل کی شام قریب چھ بجے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا تھا۔ طرفین کے درمیان اس وقت تصادم چھڑ گیا تھا جب تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچ گئی تھی۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ رات کو تاریکی کے پیش نظر آپریشن ملتوی کردیا گیا تھا جس کو بدھ کی علی الصبح بحال کیا گیا۔ دریں اثنا مقامی لوگوں نے یو این آئی کو فون پر بتایا کہ جو لوگ گھروں سے باہر تھے وہ رات کو گھر واپس نہیں لوٹ سکے انہیں باہر اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے ہاں ہی ٹھہرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : ہری جلیبی: پنجاب میں کسان تحریک کی دلچسپ علامت
اس تصادم سے سری نگر- بارہمولہ شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوا ہے جس کے پیش نظر بارہمولہ، سوپور اور گلمرگ سے سری نگر جانے والی گاڑیوں کو ماگام- بڈگام راستے سے سری نگر روانہ کیا جا رہا ہے۔ بتادیں کہ پولیس ذرائع کے مطابق لاوے پورہ تصادم کو چھوڑ کر سری نگر میں سال رواں کے دوران سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان نو تصادم آرائیاں ہوئیں جن میں 19 ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔