بریلی: فوج پر مبینہ تبصرہ کے الزام میں 3 کشمیری طالبات کے خلاف رپورٹ درج

انڈین ویٹرنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی وی آر آئی) میں پڑھنے والی تین کشمیری طالبات کے خلاف فوج کے خلاف مبینہ تبصرہ کرنے کے الزام میں عزت نگر پولس نے رپورٹ درج کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بریلی میں پولس نے فوج کے خلاف مبینہ قابل اعتراض تبصرہ کرنے والی تین کشمیری طالبات کے خلاف رپورٹ درج کی ہے۔ پولس کے ترجمان نے ہفتہ کو بتایا کہ انڈین ویٹرنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی وی آر آئی) میں پڑھنے والی تین کشمیری طالبات کے خلاف فوج کے خلاف متنازعہ تبصرہ کرنے کے الزام میں عزت نگر پولس نے رپورٹ درج کی ہے۔

پولس ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹر افق، ڈاکٹر سامعہ ارشاد اور ڈاکٹر حمیرا فیاض خانخاشی نے پلوامہ حملے کے بعد سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ معاملہ خفیہ شاخ کے ذریعے آئی وی آر آئی انتظامیہ تک پہنچا تو تحقیقات میں طالبات کو قصوروار پایا گیا۔ انتظامیہ نے ایک طالبہ کا نام کاٹتے ہوئے باقی پر تادیبی کارروائی کی ہے۔

بریلی کے ایس ایس پی منی راج جی نے بتایا کہ کشمیری طالبات پر دفعہ 505 (1) کے تحت رپورٹ درج کی گئی ہے۔ تفتیش کے بعد کارروائی ہوگی۔ ابھی خفیہ محکمہ کے نشانے پر قابل اعتراض پوسٹ بنانے والا شخص ہے۔ یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جس پوسٹ کو طالبات نے اپنے تبصرہ کے ساتھ آگے شیئرکیا وہ کس دماغ کی پیداوار ہے۔ پوسٹ تیار کرنے والے ’ماسٹر مائنڈ‘ کو تلاش کرنے کے بعد اس پر بھی کارروائی کی جائے گی۔

کشمیری طالبات نے سوشل میڈیا پر آئے ایک پیغام کو کچھ لوگوں کو فارورڈ کرتے ہوئے اس پر اپنی رائے بھی پوسٹ کی تھی۔ جس کے بعد خفیہ محکمہ فعال ہوا اور آئی وی آر آئی انتظامیہ سے بات کی۔ آئی وی آر آئ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر آر کے سنگھ نے بتایا کہ دو طالبات ڈاکٹر افق اور ڈاکٹر سامعہ ارشاد کی فیلو شپ اور اسکالر شپ روک دی گئی ہے۔ انہیں صرف انسٹی ٹیوٹ میں پڑھنے کی چھوٹ دی گئی ہے اور تنبیہ کی گئی کہ ہے کہ مستقبل میں ایسی کوئی پوسٹ کرنے پر انہیں نکال دیا جائے گا۔ حالانکہ دسمبر 2018 سے انسٹی ٹیوٹ نہیں آ رہی ماسٹر آف ویٹرنری سائنس کی تیسری طالبہ ڈاکٹر حمیرا کا نام کاٹ دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔