شاہین باغ میں الگ الگ جگہوں سے ملی تین لاشیں، پوسٹ مارٹم آج

ضلع پولس ڈپٹی کمشنر آر پی مینا نے جمعہ کی دیر رات شاہین باغ سے ملی تین لاشوں کے بارے میں جانکاری دی۔ انھوں نے کہا کہ پہلی لاش دوپہر بعد، دوسری لاش شام میں اور تیسری لاش دیر رات کو ملی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے شاہین باغ علاقہ میں جمعہ کو تین الگ الگ جگہوں سے ایک ایک لاشیں برآمد ہوئیں۔ تینوں ہی معاملوں کی جانچ جاری ہے، لیکن ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل پایا ہے۔ پولس کے مطابق تینوں ہی معاملوں میں فی الحال کوئی مشتبہ بات نظر نہیں آئی ہے۔ لاشوں کا پوسٹ مارٹم 7 مارچ کو کیا جائے گا، اس کے بعد ہی کچھ اندازہ لگایا جا سکے گا کہ ان کی موت کس طرح سے ہوئی۔

ضلع پولس ڈپٹی کمشنر آر پی مینا نے شاہین باغ سے تین لاشیں ملنے کی جانکاری جمعہ کی دیر رات دی۔ انھوں نے کہا کہ ’’لاش ملنے کا پہلا معاملہ دوپہر تقریباً 12 بج کر 4 منٹ پر جانکاری میں آیا۔ مہلوک کی عمر تقریباً 35 سال ہے۔ یہ لاش جمنا ندی کے کنارے تیر رہی تھی۔ تفتیش کے بعد لاش کی شناخت اشوک نگر، دہلی کے باشندہ مدن تھاپا ولد منویر تھاپا کی شکل میں ہوئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔‘‘ پتہ چلا ہے کہ مدن تھاپا کی گمشدگی ہری نگر تھانہ میں 3 فروری 2020 کو درج کرائی گئی تھی۔ لاش کے اوپر چوٹ کا کوئی نشان نہیں پایا گیا ہے۔


دوسری لاش شام تقریباً 3 بجے برآمد ہوئی۔ مہلوک تقریباً 40 سال کا ہے۔ لاش کی جمعہ کی دیر رات تک شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ شناخت اور پوسٹ پارٹم کے لیے اس لاش کو پوسٹ مارٹم ہاؤس میں رکھ دیا گیا ہے۔ یہ لاش مدر ڈیری کے پیچھے نالے کے پاس شاہین باغ ایف بلاک میں ملی۔ ایک دیگر لاش بھی اسی علاقے میں ملی۔ تیسرے لاش سے متعلق مزید جانکاری حاصل کرنے کے لیے ریلوے پولس پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔