حج بیت اللہ 2025 کے لیے دہلی کے 2690 عازمین کا انتخاب، 867 نام ویٹینگ لسٹ میں شامل

دلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کا کہنا ہے کہ کمیٹی عازمین حج کو ہر طرح کی خدمات اور سہولیات فراہم کے لیے پابند عہد ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: وزارت اقلیتی امور کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے مقدس حج بیت اللہ 2025 کے لیے کمپیوٹر کے ذریعے خود کار انتخابی عمل سے قرعہ اندازی میں ریاست دہلی سے دو ہزار چھ سو نوے (2690) عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 867 درخواست گزار عازمین کو فہرست انتظاریہ یعنی ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔

حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر دہلی کی قرعہ اندازی مکمل ہونے کے بعد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے ایک خصوصی بیان جاری کرتے ہوئے دہلی سے فریضہ حج بیت اللہ کی ادائیگی کے لیے منتخب ہونے والے تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور اس یقین کا اعادہ بھی کیا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ہر سال کی طرح اس سال بھی نہ صرف دہلی کے عازمین حج بلکہ دہلی امبارکیشن سے روانہ ہونے والے تمام عازمین حج کو ہر قسم کی خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔


دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے دہلی کے منتخب عازمین حج کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال دہلی سے حج امیدواروں کی کل 3557 درخواستوں میں منتخب ہونے والے خوش نصیب عازمین کی تعداد 2690 ہے۔ ان میں عمومی زمرے میں 2412 جبکہ 65 سال اور اس سے زائد عمر کے عازمین مع ایک ساتھی کی تعداد 252 ہے۔ اس سال دہلی سے 45 سال اور اس سے زیادہ عمر کی بغیر محرم کی خواتین کی تعداد 65 ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال دوران حج گرمی کی شدت سے پیدا صورت حال کے پیش نظر اس برس دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی عازمین کے لیے قبل از وقت اور خصوصی تربیتی پروگرام کا اہتمام کرے گی۔

حج کمیٹی کی اطلاع کے مطابق تمام منتخب عازمین حج کو حج اخراجات کی پہلی قسط کی رقم 130300 روپے21 اکتوبر تک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ www.hajcommittee.gov.in یا اپنے بینک ریفرینس کے اندراج کے ساتھ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک کے کسی بھی برانچ میں جمع کرانے کے بعد تمام مطلوبہ اور ضروری دستاویزات، یعنی جمع کی گئی رقم کی رسید، بعد میں پاسپورٹ جمع کرنے کے لیے ایک حلف نامہ، میڈیکل سرٹیفکیٹ، سفید پس منظر والی تازہ لی ہوئی 2 تصویر، اپنا دستخط شدہ اور ایک فوٹو چسپاں کیا ہوا حج درخواست فارم وغیرہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں پیر سے جمعہ کے درمیان کام کے دنوں میں صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک 23 اکتوبر 2024 تک جمع کرانا ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔