ٹی ایم سی لیڈر کے گھر چھاپہ مارنے پہنچی ای ڈی ٹیم پر 200 لوگوں کا حملہ، گاڑیوں میں توڑ پھوڑ

مشتعل ہجوم نے ای ڈی ٹیم پر حملہ کیا جو ٹی ایم سی لیڈر کے گھر پر چھاپہ مارنے شمالی 24 پرگنہ پہنچی تھی۔ ہجوم نے ای ڈی کے ساتھ مرکزی سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

کولکاتا: راشن گھوٹالے کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم مغربی بنگال میں مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔ دریں اثنا، جمعہ کو ای ڈی کی ٹیم چھاپے مارنے شمالی 24 پرگنہ پہنچی لیکن اسے گاؤں والوں کے ہجوم نے گھیر لیا اور حملہ کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق، ہجوم نے ای ڈی افسران کے ساتھ ساتھ مرکزی سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کی بھی توڑ پھوڑ کی۔

ای ڈی ٹیم پر حملے کا یہ معاملہ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے سندیشاکھلی گاؤں کا ہے۔ تفتیشی ایجنسی کی ٹیم راشن گھوٹالہ معاملے میں ٹی ایم سی لیڈر ایس کے شاہجہان شیخ کے گھر پر چھاپہ مارنے یہاں پہنچی تھی۔ اس دوران تقریباً 200 لوگوں کے ہجوم نے ای ڈی ٹیم پر اچانک حملہ کر دیا۔ ہجوم نے ای ڈی افسر اور ان کے ساتھ موجود مرکزی سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔ معلومات کے مطابق ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھی اس ٹیم میں شامل تھے جو چھاپہ مارنے آئی تھی۔ ہجوم نے ان کی گاڑی کو بھی توڑ دیا۔ تاہم اس حملے کے بعد ٹی ایم سی لیڈر ایس کے شاہجہاں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔


خیال رہے کہ راشن تقسیم گھوٹالہ کے سلسلے میں مغربی بنگال میں ای ڈی کے چھاپے کئی مہینوں سے جاری ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اس سے قبل انکشاف کیا تھا کہ مغربی بنگال میں استفادہ کنندگان کے لیے پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) راشن کا تقریباً 30 فیصد کھلے بازار میں بھیجا گیا تھا۔ تحقیقاتی ایجنسی نے کہا تھا کہ راشن کی مبینہ چوری کے بعد ملنے والی رقم مل مالکان اور پی ڈی ایس ڈسٹری بیوٹرز میں تقسیم کی گئی۔

چاول مل مالکان نے کوآپریٹو سوسائٹیوں سمیت کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر کسانوں کے جعلی بینک اکاؤنٹس کھولے اور دھان کے کاشتکاروں کو ادا کی جانے والی ایم ایس پی کو جیب میں ڈالا۔ کلیدی ملزمان میں سے ایک نے اعتراف کیا کہ رائس مل مالکان نے تقریباً 200 روپے فی کوئنٹل کمائے تھے۔


اس سے قبل ای ڈی نے راشن گھوٹالہ معاملے میں بنگال کی وزیر جیوتی پریہ ملک کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا تھا۔ وزیر جنگلات بننے سے پہلے جیوتی پریہ ملک وزیر خوراک کا چارج بھی سنبھال چکی تھیں۔ اس سے قبل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اس مبینہ گھوٹالے میں رائس مل کے مالک بقیب الرحمان کو گرفتار کیا تھا۔ 2004 میں رائس مل کے مالک کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے رحمان نے اگلے دو سالوں میں مزید تین کمپنیاں قائم کیں۔ ای ڈی حکام کے مطابق، رحمان نے مبینہ طور پر کئی شیل کمپنیاں قائم کیں اور رقم نکال لی۔

ٹی ایم سی لیڈروں پر ای ڈی کے چھاپے پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی نے مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی سے بھی بدعنوانی سے متعلق ایک معاملے میں پوچھ گچھ کی تھی۔ بنگال کے سابق وزیر تعلیم پارتھا چٹرجی اور ان کی معاون ارپیتا مکھرجی کو بھی 2022 میں اساتذہ کی بھرتی کے معاملے میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔