گزشتہ 10 دنوں میں کورونا انفیکشن کی شرح میں 20 فیصد کمی، پابندیاں جلد ہٹا دی جائیں گی: اروند کیجریوال

وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا اگر کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوتا ہے تو پابندیاں عائد کرنا پڑتی ہیں اور لوگوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے، لیکن یقین کریں کہ ہم ضرورت کے مطابق ہی پابندیاں لگاتے ہیں

اروند کیجریوال، تصویر آئی ے این ایس
اروند کیجریوال، تصویر آئی ے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کے روز کہا کہ دہلی میں آج 10 فیصد کورونا انفیکشن کی شرح درج ہونے کا امکان ہے۔ 15 جنوری کو دہلی میں انفیکشن کی زیادہ سے زیادہ شرح 30 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ گزشتہ 10 دنوں میں انفیکشن کی شرح میں 20 فیصد کی کمی آئی ہے۔ یہ سب ویکسینیشن کی رفتار بڑھانے کی وجہ سے ہوا ہے۔ دہلی میں صد فیصد لوگوں کو پہلی خوراک ملی ہے اور 82 فیصد لوگوں کو ویکسین کی دونوں خوراکیں مل چکی ہیں۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے یہ بات دہلی میں یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد ایک پروگرام کے دوران کہی۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوتا ہے تو پابندیاں عائد کرنا پڑتی ہیں اور لوگوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے، لیکن یقین کریں کہ ہم ضرورت کے مطابق ہی پابندیاں لگاتے ہیں۔ جلد ہی ہم پابندیوں کو ہٹانے اور آپ کی زندگی کو معمول پر لانے کی کوشش کریں گے۔ اس سمت میں تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔


وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کچھ تاجروں نے گزشتہ ہفتے مجھ سے ملاقات کی اور طاق-جفت اور ویک اینڈ کرفیو کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر کو تجاویز بھیجی گئیں، لیکن انہوں نے اسے نامنظور کر دیا۔ ایل جی صاحب بہت اچھے ہیں وہ آپ کی صحت کا خیال رکھتے ہیں۔ ہم اور ایل جی صاحب مل کر پابندیاں جلد از جلد ہٹائیں گے۔

خیال رہے کہ پیر کے روز دہلی میں کورونا انفیکشن کے 5760 نئے معاملے درج ہوئے ہیں۔ اور ایک دن میں مزید 30 مریض کورونا سے جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ انفیکشن کی شرح 11.79 فیصد تک گر گئی۔ دہلی میں 13 جنوری کو ایک ہی دن میں سب سے زیادہ 28867 معاملے درج ہوئے تھے اور اس کے بعد سے کیسز کم ہو رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔