مظفر پور میں آگ لگنے سے 20 گھر ہوئے خاک، لاکھوں کی ملکیت تباہ، کئی مویشیوں کی موت
لوگوں نے خود سے آگ بجھانے کی کوشش کی، لیکن آگ کی تیز لپٹوں کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ کو فون کیا گیا، یکے بعد دیگرے 4 گیس سلنڈرس میں دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے آگ کی شدت مزید بڑھ گئی۔
بہار کے مظفر پور ضلع میں آگ لگنے کا ایک خوفناک واقعہ پیش ایا ہے جس میں کم از کم 20 گھر جل کر خاک ہو گئے ہیں۔ آگ کی وجہ گیس سلنڈر میں ہوا دھماکہ تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ گھر میں کھانا بنانے کے دوران ایک سلنڈر میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کر لی۔ فوری طور پر فائر بریگیڈ دستہ کو فون لگایا گیا جس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ لیکن تب تک کئی گھر اور مویشی آگ کی نذر ہو چکے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مظفر پور کے اورائی واقع پرسم ٹولہ میں کھانا بنانے کے دوران ایک گھر شدید آگ لگی، جس نے آس پاس کے گھروں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ اس آگ کی وجہ سے دیگر گھروں میں موجود کچھ سلنڈر میں بھی دھماکہ ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک ایک کر چار سلنڈر میں دھماکہ ہوا جس کی تیز آواز سے ہر طرف افرا تفری پھیل گئی۔ لوگوں نے خود سے آگ بجھانے کی کوشش کی، لیکن تیز لپٹوں کو دیکھ کر فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ کو اطلاع دی گئی۔
جائے وقوع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے مقامی لوگوں کی مدد سے کسی طرح آگ پر قابو پایا۔ اس آتشزدگی میں چار موٹر سائیکل اور کئی بکریاں بھی جل گئیں۔ علاوہ ازیں گھروں میں موجود لاکھوں روپے کی ملیت جل کر خاک ہو گئی۔ اتنا ہی نہیں، اس آگ میں پھیکن سہنی کے گھر میں بیٹی کی شادی کے لیے رکھے سونے کے زیورات اور نقدی بھی جل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پڑوس میں شوخی سہنی کا بھی گھر تھا جس میں تمباکو کی تیار فصل موجود تھی جو راکھ ہو گئی۔ جن لوگوں کے گھر اور سامان جل گئے، ان کا رو رو کر برا حال ہو رہا ہے۔ مقامی مکھیا کے نمائندہ رامادھار رائے اور سابق مکھیا بابر علی راعین نے اس معاملے میں ضلع انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔