چھتیس گڑھ: اسٹرانگ روم میں لیپ ٹاپ کے ساتھ تین نوجوان گرفتار، چھیڑ چھاڑ کی کوشش

اسمبلی انتخابات کے بعد ای وی ایم کی حفاظت کو لے کر سوال اٹھ رہے ہیں، دھمتری اور بیمےترا ضلع کے بعد اب جگدل پور میں ایسا ہی واقعہ سامنے آیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

چھتیس گڑھ میں ای وی ایم مشین کے رکھ رکھاؤ اور اس کے ساتھ چھیڑچھاڑ کے خدشہ کو لے کر کانگریس مسلسل سوال اٹھا رہی ہے، چھتیس گڑھ کے بیمےترا ضلع کے بعد جگدل پور میں بھی اسٹرانگ روم کی حفاظت کو لے کر سوالوں کھڑے ہو رہے ہیں۔ خبروں کے مطابق جمعرات کی دیر شام اسٹرانگ روم میں داخل ہوتے دو لوگوں کو پکڑا گیا ہے، کانگریس نے دعوی کیا ہے کہ جگدل پور خاتون پولی ٹیکنیک کالج واقع اسٹرانگ روم میں 2 لوگ لیپ ٹاپ لے کر بنا اجازت گھسے، کانگریس پارٹی نے الزام لگایا کہ لیپ ٹاپ لے کر اندر جانے والے لوگ ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے مقصد سے گئے تھے۔

پولس ذرائع کے مطابق سورج منڈاوی، اوماپتی تیواری اور وجے نام کے یہ نوجوان اسٹرانگ روم میں بیگ اور لیپ ٹاپ لے کر اندر گئے تھے۔ تینوں نوجوانوں نے خود کو بھوپال کے باشندے اور جیو ٹاور میں کام کرنے والا بتایا۔ تینوں کا دعوی ہے کہ وہ انجینئر کے کہنے پر اندر داخل ہوئے تھے۔

دریں اثناء، جگدل پور کے کانگریس امیدوار ریکھ چندجین اور راجیو شرما اپنے کارکنوں کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ ان کا الزام ہے کہ اسٹرانگ روم کی حفاظت میں چار پانچ لوگ تعینات تھے۔ بغیر آئی کارڈ کے کسی کو داخل نہیں کیا جا سکتا۔

سی ایس پی همشیكھر سدار نے کہا کہ اس معاملے میں ابھی کچھ بھی واضح نہیں کہا جا سکتا۔ تحقیقات کے بعد معاملہ صاف ہوگا۔ اس اسٹرانگ روم میں بستر، جگدل پور اور چتركوٹ اسمبلی حلقوں کی ای وی ایم مشینیں رکھی ہوئی ہیں۔

کلیکٹر اور ضلع الیکٹورل افسر ڈاکٹر عیاض تمبولی نے اس درمیان پریس ریلیز جاری کر کے بتایا کہ اسٹرانگ روم کی سیکورٹی کی تین سطح ہیں۔ احاطے کے میدان میں کچھ فاصلے پر واقع ریلائنس ٹاور کی بحالی کیلئے ریلائنس کے دو ملازم کام کر رہے تھے۔ میدان میں ملازمین کی موجودگی کے سلسلے میں اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے پولس کی طرف سے دونوں ملازمین سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ دونوں ملازم نجی کمپنی میں ملازم ہیں، جنہیں احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہيں دی گئی ہے۔ لاپرواہی برتنے کی وجہ سے پہلی سطح پر سکیورٹی کے لئے تعینات دو اہلکاروں کانسٹیبل اندر کمار پینکرا اور ہیڈ کانسٹیبل کیشو ساہو کو معطل کیا گیا ہے۔

چھتیس گڑھ میں ای وی ایم کی حفاظت میں سیندھ کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے دھمتری میں اسٹرانگ روم میں غیر مجاز افراد کے گھسنے کا معاملہ سامنے آیا تھا، اس معاملے میں الیکشن افسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔

وہیں 4 دسمبر کو بیمےترا میں بھی اسٹرانگ روم کے پاس بی ایس ایف جوان لیپ ٹاپ کے ساتھ ملا تھا، اس خبر کے ملتے ہی کانگریس کارکنوں نے پورے اسٹرانگ روم کو گھیر لیا تھا اور جم کر ہنگامہ کیا تھا، وہیں معاملہ بڑھنے کے بعد بیمےترا کے ڈی ایم مہادیو كاورے موقع پر پہنچے تھے، انہوں نے کہا تھا کہ بی ایس ایف جوان سے لیپ ٹاپ کو ضبط کر لیا گیا ہے، پوچھ گچھ کے بعد بی ایس ایف کے جوان کے اوپر کارروائی کی جائے گی۔
یو این آئی ان پٹ کے ساتھ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Dec 2018, 2:09 PM