گجرات: تعزیہ داری کے دوران حادثہ، کرنٹ لگنے سے 2 افراد ہلاک، 10 زخمی

حادثہ جام نگر کے دھرار نگر 2 کے علاقے میں رات تقریباً 11.15 بجے پیش آیا۔ مہلوکین کی شناخت 23 سالہ آصف ملک اور 20 سالہ محمد واحد پٹھان کی شکل میں ہوئی ہے۔

جلوس محرم، فائل تصویر
جلوس محرم، فائل تصویر
user

قومی آواز بیورو

آج ہندوستان ہی نہیں، کئی دیگر ممالک میں بھی عام عاشورہ کے موقع پر تعزیہ داری کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ 8 اگست کو بھی کئی مقامات پر تعزیہ داری ہوئی اور عزاداری کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس دوران گجرات میں اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات کے جام نگر میں تعزیہ نکالے جانے کے دوران ایک بجلی تار کی زد میں آنے سے دو افراد کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں 10 افراد سنگین طور پر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سبھی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ واقعہ پیر اور منگل کے درمیانی شب میں پیش آیا۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق حادثہ جام نگر کے دھرار نگر 2 کے علاقے میں رات تقریباً 11.15 بجے پیش آیا۔ مہلوکین کی شناخت 23 سالہ آصف ملک اور 20 سالہ محمد واحد پٹھان کی شکل میں ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اوپر جا رہے تاروں سے ایک ڈنڈا ٹکرا گیا جس کے بعد زور کا جھٹکا لگا اور دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ تازیہ کو لے کر جا رہے لوگوں کے پیر گٹر کے کور پر پڑ گیا تھا۔ اس کی وجہ سے تعزیہ ہلا اور جو لوگ تاروں کو اس کے راستے سے ہٹانے کے لیے ڈنڈا لے کر آگے چل رہے تھے وہ بجلی کی تار کی زد میں آ گئے۔ اس دوران بارش بھی ہو رہی تھی، جس کی وجہ سے حادثہ ہو گیا۔


جام نگر کے ایس پی پریم سکھ ڈیلو نے بتایا کہ یہ منت کا تعزیہ تھا۔ جام نگر کی کوئی تعزیہ کمیٹی اس میں شامل نہیں تھی۔ ایک بار جلوس شروع ہوا تو جام نگر کے لوگ بھی اس میں شامل ہو گئے۔ تعزیہ کافی اونچا تھا۔ ایک خراب راستے سے گزرنے کے دوران یہ حادثہ ہو گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حادثاتی موت کا کیس جام نگر کے بی ڈویژن تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔