’پاتال کوٹ ایکسپریس‘ کے 2 ڈبوں میں آگ لگنے سے بھگدڑ، کئی مسافر جھلسے

آگرہ واقع بھاڑئی ریلوے اسٹیشن کے پاس پاتال کوٹ ایکسپریس کے دو ڈبوں میں آگ لگ گئی جس میں کئی مسافر جھلس گئے ہیں، ڈبے میں لگی آگ کو دیکھ کر مسافروں میں چیخ و پکار کا عالم دیکھنے کو ملا۔

<div class="paragraphs"><p>پاتال کوٹ ایکسپریس میں لگی آگ کو بجھاتا فائر بریگیڈ کا دستہ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

پاتال کوٹ ایکسپریس میں لگی آگ کو بجھاتا فائر بریگیڈ کا دستہ، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے آگرہ میں ٹرین آتشزدگی کا ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ ملپورہ کے بھاڑئی ریلوے اسٹیشن کے پاس پنجاب کے فیروزپور سے چھندواڑہ جا رہی پاتال کوٹ ایکسپریس (14624) کے دو ڈبوں میں اچانک آگ لگ گئی جس نے مسافروں میں بھگدڑ کی حالت پیدا کر دی۔ آگ کی شدت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں ڈبے کے بیشتر حصے جل کر خاک ہو گئے۔

بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی دوپہر پاتال کوٹ ایکسپریس میں آگ لگنے کا یہ واقعہ پیش آیا، حالانکہ اس کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ذرائع سے موصولہ خبروں کے مطابق اس آگ کی زد میں کئی مسافر آئے ہیں جنھیں علاج کے لیے مقامی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ ٹرین میں آگ لگنے سے چیخ و پکار مچ گئی اور پھر فوری طور پر ریل و مقامی انتظامیہ کو اس کی جانکاری دی گئی۔


موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ مقامی عوام کی مدد سے ریلوے افسران آگ پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ موقع پر فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی پہنچ چکی ہے۔ ٹرین میں آگ لگنے کی خبر ملتے ہی پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ آگ کی زد میں آئی بوگیوں سے سبھی لوگوں کو بہ حفاظت باہر نکالا گیا، حالانکہ اس دوران کئی مسافر زخمی ہوئے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 سے 12 مسافر زخمی ہوئے ہیں جنھیں فوری طور پر علاج مہیا کرایا گیا ہے۔

جھلسنے والے مسافروں میں سے ایک کا نام راہل بتایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حادثہ بہت بھیانک تھا۔ کافی لوگ اوپر سو رہے تھے اور آگ کی لپٹیں دیکھنے کے بعد سبھی باہر کی طرف بھاگے۔ بیشتر لوگ بوگی سے نکل گئے لیکن کچھ لوگ معمولی طور پر جھلس گئے۔ اس ٹرین میں آگرہ کے شرد جین بھی اپنی فیملی کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اپنے دو بچوں اور بیوی کے ساتھ تھے جب آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔ کھڑکی کے پاس آگ دیکھ کر فوراً وہ اپنی فیملی کو بچانے کی جدوجہد میں مصروف ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے جب دور سے ٹرین میں لگی آگ کو دیکھا تو وہ بھی دوڑے ہوئے پہنچے اور بوگی سے باہر نکلنے میں لوگوں کی مدد کرنے لگے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔